پیپلز پارٹی نے شیری رحمان کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نامزد کر دیا

پاکستان پیپلز پارٹی نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون سینیٹر شیری رحمان کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نامزد کر دیا ہے۔یہ اعلان سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے کیا گیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ پیپلز پارٹی ایک مرتبہ پھر تاریخ رقم کرنے جا رہی ہے، ہم نے خاتون سینیٹر شیری رحمان کو سینیٹ میں بطور اپوزیشن لیڈر نامزد کر دیا ہے۔ وہ انشا اللہ پہلی خاتون ہونگی جو سینیٹ میں لیڈ کریں گی۔خیال رہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن کے اتحاد کے صادق سنجرانی چیئرمین اور سلیم مانڈوی والا ڈپٹی چیئرمین منتخب ہو چکے ہیں۔ خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہونے والے انتخاب میں 103 سینیٹرز نے اپنے ووٹ کاسٹ کیے، صادق سنجرانی کو 57 جبکہ ان کے مد مقابل حکومتی اتحاد کے امیدوار راجا ظفر الحق کو 46 ووٹ ملے تھے۔