جیو ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر میر شکیل الرحمان سپریم کورٹ طلب

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے جیو نیوز کے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر چینل کے مالک میر شکیل الرحمان کو سپریم کورٹ طلب کرلیا۔سپریم کورٹ میں جیو ملازمین کو تین ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے معاملے کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے جیو کے مالک میر شکیل الرحمان کو کل منگل کو طلب کرلیا۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ میر شکیل الرحمن بتائیں کہ تنخواہیں کیوں ادا نہیں ہوئیں؟، مالک کو کفالت کا حق ادا کرنا ہے، چیف جسٹس نے حامد میر سے کہا کہ آپ بھی کہہ رہے ہیں تنخواہ نہیں مل رہی، تنخواہ نہ ملی تو حامد میر کی مرسڈیز گاڑی کیسے چلے گی، اس موقع پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ لوگ مجھے ابھی تک سمجھ ہی نہیں پائے، میرے خلاف شکایت کرنا ہے تو کریں۔واضح رہے کہ 4 اپریل کو گزشتہ سماعت میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے جیونیوز کو 30 اپریل تک ملازمین کے تمام واجبات ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔