ملک بھر میں موسلادھار بارش سے جل تھل ہوگیا

ملک بھر میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔راولپنڈی اور اسلام آباد میں طوفانی بارش نے تباہی مچادی ہے جس کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح 14 فٹ تک بلند ہوگئی اور واسا نے رین ایمرجنسی نافذ کرکے تمام امدادی اداروں کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 8 گھنٹوں میں 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس سے نالہ لئی میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا ہے،امرپورہ، صادق آباد، کرتارپورہ، ڈھوک الہیٰ بخش میں بھی پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں کومشکلات کا سامنا ہے۔دوسری جانب اسلام آباد میں موسلادھار بارش سے کورنگ نالے میں طغیانی آگئی، بنی گالہ میں کورنگ نالے کا سیلابی ریلا پرانے پل سے گزرتا رہا جب کہ راول ڈیم میں بھی پانی کی سطح بلند ہونا شروع ہوگئی ہے اور دریائے سواں میں بھی سیلابی کیفیت ہے۔ترجمان واسا کے مطابق مزید بارشوں کی پیش گوئی کے باعث شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کرکے 8 نشیبی علاقوں میں ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں تمام امدادی ادارے ہائی الرٹ ہیں، واسا نے سیلاب ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔موسلادھار بارش اور نالوں میں طغیانی کے باعث اہم شاہراہوں مری روڈ، جی ٹی روڈ، ائیرپورٹ روڈ اور مال روڈ پر جگہ جگہ پانی کھڑا ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہورہی ہے۔