ایتھوپین ایئر لائنز کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا،

ایتھوپین ایئر لائنز کا مسافر طیارہ ادیس بابا سے کینیا کے دارالحکومت نیروبی جاتے ہوئے حادثے کے باعث گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 157 مسافر ہلاک ہوگئے۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ایتھوپیا کے وزیراعظم ابی احمد کے دفتر سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ‘ایتھوپیا کے عوام اور حکومت کی جانب سے وزیراعظم ہاؤس، ایتھوپین ایئر لائنز کے بوئنگ 737 طیارے کے گر کر تباہ ہونے کے واقعے پر اس میں سوار افراد کے اہل خانہ سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں’۔ایئرلائنز کے ترجمان نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ طیارے میں 149 مسافر اور عملے کے 8 افراد سوار تھے۔فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جہاز میں سواز تمام مسافر ہلاک ہوگئے۔ترجمان نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر بتایا کہ ‘حادثہ صبح 8 بجکر 44 منٹ پر پیش آیا’۔خیال رہے کہ حادثے کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں۔اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ایئرلائنز نے ایک جاری بیان میں کہا کہ فلائٹ نمبر ای ٹی 302میں 149 مسافر سوار تھے۔بیان کے مطابق مسافر جہاز نے مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجکر 38 منٹ پر بولے انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھری تھی جس کے 6 منٹ بعد ہی اُس سے رابطہ منقطع ہوگیا۔