کرتارپورراہداری پر باڑ لگانے پر اتفاق

کرتار پور راہداری منصوبے پر پاک بھارت ٹیکنیکل ماہرین کی ملاقات زیرو لائن پر ہوئی ، جس میں پاکستان اوربھارت نے کرتارپورراہداری پردونوں جانب باڑ لگانے پر اتفاق کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کرتارپورراہداری کھولنے کے حوالے سے پاک بھارت مذاکرات کاایک اور دور ختم ہوگیا ، مذاکرات زیرو لائن کرتار پور میں بابا ڈیرہ نانک کے مقام پرہو ئے، جو 3گھنٹے تک جاری رہے، بھارت نے بابا ڈیرہ نانک کو زیروپوائنٹ قرار دیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں دونوں طرف کے ٹیکنیکل ماہرین شریک ہوئے اور کرتارپور راہداری کے حوالے سے ٹیکنیکل امور کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق مذاکرات میں راہداری کے حوالے سے نشاندہی مکمل کرلی گئی اور دونوں ممالک نے سڑک کےتکنیکی امور طے کرلئے گئے ، جس کے تحت دونوں جانب سےکرتار پور راہداری پر خاردارباڑ لگائی جائے گی۔پاک بھارت کرتارپور راہداری مذاکرات کااگلا دور2 اپریل کوواہگہ میں ہوگا۔مذاکرات کے بعددونوں ممالک کے وفود کی واپس روانہ ہوگئے ہیں ، نمائندگان اپنی اپنی حکومتوں کو آج کے مذاکرات پر رپورٹس دیں گے جبکہ تکنیکی ماہرین سروے رپورٹس بھی جمع کرائیں گے اور سروے رپورٹس کے بعد کراسنگ پوائنٹس پر اتفاق رائے کیا جائے گا۔یاد رہے اس سے قبل 14 مارچ کو ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کی قیادت میں ایک وفد اٹاری گیا تھا، جہاں بھارتی حکام سے کرتار پور راہداری منصوبے پر مذاکرات کئے گئے۔