افغان صدرکی آمد پر شاندار استقبال، گارڈ آف آنر پیش

افغان صدر اشرف غنی وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، انہیں گارڈ آف آنربھی پیش کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے افغان صدر سے کابینہ ارکان کا تعارف کرایا، جس کے بعد وزیراعظم عمران خان اور افغان صدر کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے پہلےافغان صدراشرف غنی سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، افغان امن عمل، تجارت میں اضافے، معیشت، سرمایہ کاری کے فروغ، مواصلات اور توانائی کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں میں امن و اخوت کے لئے افغانستان پاکستان حکمت عملی کوعوام کی بہتری کے لئے بروئے کار لانے پر اتفاق کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کے مابین دیرینہ جغرافیائی اور تاریخی تعلقات ہیں، افغان عوام نے بے پناہ مصائب اور مشکلات کا سامنا کیا ہے، افغانستان میں پائیدار امن و استحکام اور خوشحالی پاکستان کے اپنے مفاد میں ہے، پاکستان نتیجہ خیز مذاکرات کی ضرورت پر ہمیشہ زور دیتا رہا ہے اور افغان امن عمل کے لئے کھلے دل اور نیک نیتی سے مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے، افغان صدر کا استقبال وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کیا، اس موقع پر افغان سفیر عاطف مشال اور دفتر خارجہ کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔