روٹی اور نان کی قیمتوں میں ممکنہ اضافہ

فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق جی ایس ٹی کے نفاذ سے 80 کلو آٹے کی بوری پر 550 روپے تک اضافے کا امکان ہے۔ نان روٹی ایسیویشن کا کہنا ہے کہ 3 روز تک آٹے کی بوری پر سیلز ٹیکس واپس نہ لیا گیا تو پیر سے قیمتوں میں اضافہ کر دیا جائے گا اور نرخ بڑھائے جانے سے سادہ روٹی 15 اور نان 20 روپے میں ملا کرے گا۔ادھر پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے نان بائیوں کے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے۔ فی روٹی کی قیمت 10 سے بڑھا کر 15 روپے کر دی گئی۔ ضلعی انتظامیہ اور نان بائی ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات میں 190 گرام روٹی کی قیمت 15 روپے پر اتفاق ہوا۔شہری علاقوں میں 190 گرام روٹی کی قیمت 15 روپے اور حیات آباد کے لیے 15 روپے کی روٹی کا وزن 185 گرام ہوگا۔ ضلعی انتظامیہ اور نان بائی ایسوسی ایشن کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد نان بائیوں نے ہڑتال بھی ختم کر دی۔
نان روٹی میں اضافے کی خبر سنتے ہی عوام بھی پھٹ پڑے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت منہ سے روٹی بھی چھیننا چاہتی ہے۔ کاروباری افراد کا کہنا ہے کہ حکومتی رویئے اور ٹیکسز کی بھرمار نے قیمتیں بڑھانے پر مجبور کر دیا ہے۔ جبکہ پنجاب کے وزیر صعنت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نان روٹی کی قیمت میں اضافہ نہیں کر رہی۔
دوسری طرف میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہاہے کہ آٹے پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا، پھر بھی روٹی کی قیمت بڑھی تو میں جوابدہ نہیں، کھانے کی اشیا خورونوش پر ٹیکس نہیں لگا۔