پنجاب اسمبلی کے ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز گرفتار

پولیس نے پنجاب اسمبلی کے ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو حراست میں لے لیا ہے

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پولیس رات گئے دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئی ۔ پولیس نے رائے ممتاز کو گرفتار کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے ۔اہل خانہ کا کہنا ہے رائے ممتاز نے ضمانت کروا رکھی تھی انہیں غیر قانونی طور پر حراست میں لیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں گرفتار کیا گیا ہے ۔

پنجاب پولیس نے دیگرا سمبلی آفیسرز کے گھروں پر بھی چھاپہ مار کارروائی کی ۔ سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی اور سیکرٹری کوآرڈینیشن عنایت اللہ لک کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا۔ ترجمان پنجاب اسمبلی کا کہنا ہے کہ دونوں افسران گھروں پر موجود نہیں تھے جس کے باعث گرفتار نہیں کئے جا سکے ۔اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سب کچھ شہباز شریف کے حکم پر ہو رہا ہے حکومت کا یہ ایکشن فسطائیت ہے۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ حکومت کا ایکشن بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے ۔ غیر آئینی اور جعلی حکومت آئین اور قانون کے خلاف اقدامات کر رہی ہے شریفوں کا چہرہ قوم سے سامنے آ چکا ہے۔

پرویز الٰہی نے آج ساڑھے12بجے پنجاب اسمبلی کااجلاس طلب کیا ہے ۔ترجمان پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ پولیس نے اسمبلی کا کنٹرو ل سنبھال رکھا ہے پولیس نے اسمبلی کے تمام دروازے بھی بند کر رکھے ہیں ۔ سیکرٹریٹ ملازمین کو بھی اندر نہیں جانے دیا جا رہا۔