نواز اور شہباز کیخلاف توہین عدالت کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ پیر کو درخواست کی سماعت کریں گے۔

وکیل سید ظفر علی شاہ نے بطور پٹیشنر اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ نواز شریف بیماری کی غرض سے لاہور ہائی کورٹ کی اجازت سے بیرون ملک گئے تھے، نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے کے لیے شہباز شریف نے بیان حلفی جمع کرایا۔

درخواست گزارنے استدعا کی ہےکہ نواز شریف مختلف عدالتوں سے اشتہاری ہیں، شہباز شریف اور نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے، عدالت نواز شریف کی واپسی کے لیے احکامات جاری کرے۔

درخواست میں وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف، وفاقی وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کو فریق بنایا گیا ہے۔

رجسٹرار آفس کی جانب سے اعتراض کیا گیا ہےکہ بیان حلفی لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرایا گیا اس لیے درخواست کے لیے وہی فورم بنتا ہے۔