بلاول بھٹو اور امریکی وزیر خارجہ ملاقات،سیلاب متاثرین کیلئے مزید فنڈ دینے کا اعلان

واشنگٹن: وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے واشنگٹن میں امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن سے ملاقات کی اوردوطرفہ تعلقات سمیت اہم امورپرتبادلہ خیال کیا۔پاکستان اور امریکا سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر امریکی محکمہ خارجہ میں تقریب ہوئی امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا اورپاکستان کوسیلاب سے فصلوں کو ہونے والے نقصان کے تناظر میں فوڈ سیکورٹی کے لئے مزید ایک کروڑ ڈالرامداد دینے کا اعلان کیا۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے خطاب میں کہا کہ پاکستان اورامریکا کے درمیان سفارتکاری واپس آئی ہے۔
امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ مشکل کی گھڑی میں پاکستان اور پاکستانی عوام کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے۔پاکستان کے لیے انتہائی مشکل وقت ہے۔ سیلاب کے چیلنج سے فوری نہ نمٹا گیا تو اس کے اثرات طویل مدت کے لئے ہوں گے۔ امریکا نے سیلاب زدگان کے لیے پاکستان کو 55 ملین ڈالر سے زائد کی امداد فراہم کی ہے۔