فیروز خان کی نامزدگی،شرمین عبید چنائے نے لکس اسٹائل ایوارڈ واپس کردیا

آسکر ایوارڈ یافتہ فلمساز شرمین عبید چنائے نے فیروز خان کی نامزدگی کے بعد اپنا لکس اسٹائل ایوارڈ واپس کرنے کا اعلان کردیا۔

شرمین عبید چنائے نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پراسٹوری شیئر کی ہے جس میں انہوں نے لکس اسٹائل ایوارڈ واپس کرنے کا اعلان کیا ہے۔

شرمین عبید چنائے نے لکھا ہے کہ لکس ایک بیوٹی برانڈ ہے جو خواتین کے لئے صابن کے حوالے سے شہرت رکھتا ہے، اس کے باوجود ایسے شخص کو ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا ہے جو اپنی سابق اہلیہ کے ساتھ بدسلوکی کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔

ہدایت کارہ نے مزید لکھا ہے کہ لکس کی مالک بین الاقوامی کمپنی یونی لیور ہے، یہ کمپنی خواتین پر گھریلو تشدد کے خلاف عالمی مہم میں شامل ہے اور اس کے سدباب کے لئے آواز بلدن کرتی ہے، یونی لیور نے صنفی مساوات سے متعلق اقوام متحدہ کے ایس ڈی جی پر دستخط کئے ہیں لیکن پاکستان میں کمپنی کی انتظامیہ ایسی اقدار پر عمل کرتے نظر نہیں آتے۔

شرمین عبید چنائے نے کہا کہ 2012 میں مجھے لکس لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جسے میں یونی لیور کو برانڈ کے طور پر واپس بھیجوں گی۔ ایک معاشرے کے طور پر ہمیں گھریلو تشدد کے خلاف متحد ہونا چاہیے اور ہمیں ان لوگوں کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے خواتین سے بدسلوکی کرنے والوں کو اپنا پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔