سدھو نے’’کپل شرما شو‘‘ کو خیرباد کہہ دیا

ممبئی(شوبز ڈیسک)معروف کامیڈی شو’’دی کپل شرما شو‘‘ کے اہم رکن اور سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے شو چھوڑدیا۔سابق بھارتی کرکٹر اور کامیڈین نوجوت سنگھ سدھو اپنے برجستہ جملوں اور شاعری کے باعث شہرت رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ کامیڈی شو’’دی کپل شرماشو‘‘ کا اہم حصہ سمجھے جاتے ہیں جب کہ گزشتہ دنوں سدھو کے حوالے سے شو کو خیرباد کہنے کی خبریں سامنے آئی تھیں جس کی انہوں نے تردید کی تھی لیکن اب نوجوت سنگھ سدھو نے شو چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوت سنگھ سدھو بھارتی پنجاب کی سیاست میں فعال کردارادا کرنے کے لیے ’’دی کپل شرماشو‘‘چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کی تصدیق ان کی اہلیہ نے بھی کردی ہے۔ سدھو کی اہلیہ ڈاکٹر نوجوت کور کا کہنا تھا کہ سدھو اپنی تمام تر توجہ پنجاب کی سیاست پر رکھنا چاہتے ہیں جس کے لیے انہوں نے شو چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے بعد وہ 30 ستمبر تک تمام شوٹنگ مکمل کراکر شو کوخیرباد کہہ دیں گے۔واضح رہے کہ نوجوت سنگھ سدھو بھارتی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو خیرباد کہہ چکے ہیں جس کے بعد جلد ہی ان کی ’’عام آدمی پارٹی‘‘ میں شمولیت کا امکان ہے۔