نواز شریف پاناما لیکس میں بری طرح پھنس چکے ہیں، خورشید شاہ

سکھر(ویب ڈیسک)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف پاناما لیکس میں بری طرح پھنس چکے ہیں تاہم سڑکوں پر کوئی فیصلے نہیں چاہتے۔سکھر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ملک کے سربراہ پر اگر کرپشن کا الزام ہو تو فیصلے عوام کو کرنے چاہیئیں، پاناما لیکس میں وزیراعظم نواز شریف بری طرح پھنس چکے ہیں تاہم فیصلے سڑکوں کے بجائے پارلیمنٹ میں ہونے چاہیئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جنگ پارلیمنٹ کے لیے ہوتی ہے کیونکہ اگر فیصلے سڑکوں پر ہونے لگیں تو پھر پارلیمنٹ کی کیا ضرورت ہے، ایک جماعت نے اسلام آباد کو سیل کرنے کی بڑی بات کردی ہے تاہم سڑکوں پر آنے سے فرد واحد کو ہی فائدہ ہوگا۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ملک کا وزیر خارجہ کا نہ ہونا پاکستان کی کمزوری ہے جب کہ سارک کانفرنس کا منسوخ ہونا بھی بہت بڑی ناکامی ہے، بھارت پاکستان کو خطے میں تنہا کرنے کی پوری کوشش کررہا ہے۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ مائنس ون فارمولا 70 کی دہائی سے چلا آرہا ہے تاہم فیصلہ عوام کریں گے کسی کے کہنے سے مائنس ون نہیں ہوتا۔