آرمی چیف کا آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف پتھالوجی کا دورہ، بینائی سے محروم جوانوں اور افسران کی عیادت

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف پتھالوجی کا دورہ کیا اور اس دوران آپریشن ضرب عضب میں بینائی سے محروم ہونے والے جوانوں اور افسران کی عیادت کی ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف پتھالوجی میں بینائی سے محروم ہونے والے افسران اور جوانوں سے فرداً فرداً ملاقاتیں کیں اور ان کی خیریت دریافت کی ۔ اس موقع پر آرمی چیف کو سنٹر کے بارے میں مکمل بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران جوانوں کی دیسی ساختہ بارودی سرنگیں پھٹنے سے بینائی متاثر ہوئی ۔ آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف پتھالوجی میں اب تک 179 جوانوں کا علاج کیا گیا ہے جن میں سے 66 فیصد جوانوں کا علاج کامیابی سے کرلیا گیا ہے جبکہ باقی کا علاج جاری ہے۔ آرمی چیف کو بتایا گیا کہ 56 جوان ایسے ہیں جن کا علاج جاری ہے جبکہ 30 جوان مکمل طور پر نابینا ہوچکے ہیں ۔ مکمل طور پر بینائی سے محروم ہونے والے جوانوں اور افسران کو بحالی کیلئے مختلف قسم کی تربیت دی جارہی ہے تاکہ وہ بہتر طور پر اپنی زندگی گزار سکیں ۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جوانوں کی بہادری اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جوانوں کے علاج کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہمت نہیں ہاریں گے اور پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔