دہشت گردون کے مضموم عزائم کسی صورت بھی کامیاب نہیں ہونگے ۔ سلطان اعظم تیموری

ملتان (ملک جاوید وینس سے)ریجنل پولیس آفیسر ملتان سلطان اعظم تیموری کا پولیس لائن متی تل کا دورہ اور سکیورٹی امور کا جائزہ۔ بٹالین کمانڈر محمود الحسن نے سکیورٹی بارے تفصیل سے بریف کیا۔ ریفریشر کورس، مجمع خلاف قانون، مارشل آرٹس اور دیگر سرگرمیوں کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر سلطان اعظم تیموری نے گزشتہ روز پولیس لائن متی تل کادورہ کیا۔ پولیس لائن پہنچنے پر پولیس کے چاک و چوبنددستے نے سلامی پیش کی۔ بٹالین کمانڈر ایس ایس پی محمود الحسن نے ریجنل پولیس آفیسر کو پولیس لائن متی تل کی سکیورٹی بارے تفصیل سے بریف کیا۔ ان کو بتایا گیا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر پولیس لائن متی تل میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اہلکاروں کو افسران بالا کی ہدایت کے مطابق بریف کیا گیا ہے کہ وہ ملک و قوم کے دشمن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں۔ یہ مٹھی بھر دہشت گرد ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے ۔ بعد ازاں ریجن پولیس آفیسر کو یہ بھی بتایا گیا کہ یہاں تسلسل کے ساتھ ریفریشر کورسز بھی کرائے جا رہے ہیں۔ تا کہ ملازمین کی فٹنس برقرار رہے۔اہلکاروں نے مجمع خلاف قانون ، مارشل آرٹس، آنکھوں پر پٹی باندھ کر فائر کرنے کا بھی عملی مظاہر ہ بھی کیا ۔ اس کے علاوہ پولیس لائن متی تل کی بائونڈری لائن پر چھپے دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کیلئے فرضی مشقوں کا بھی مظاہرہ کیا ۔ اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر نے سکیورٹی امور بارے ہدایات جاری کیں۔ملازمین کی طرف سے پیش کئے گئے عملی مظاہروں کی تعریف کی۔انہوں نے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج مجھے خوشی ہے کہ آپ بڑی اچھی ٹریننگ کر رہے ہیں۔ آپ کے انسٹرکٹرز داد کے مستحق ہیںاور آپ کے عملی مظاہرے سے میرا پنجاب کنسٹیبلری کے بارے میں تاثریکسر تبدیل ہو گیا ہے۔ میں اینٹی ٹیررسٹ کورس کو اچھی طرح جانتا ہوں ۔ آپ نے بڑی محنت سے محدود وقت میں پیشہ وارانہ صلاحیت کو اجاگر کیا۔ پیشہ وارانہ مہارت سے فورس میں اعتماد پید ا ہوتا ہے۔ ہمارا ملک اس وقت مشکل حالات سے گرز رہا ہے۔ گزشتہ چند دنوں میں دہشت گردی کے متعدد واقعات ہوئے ہیں۔ جو انتہائی افسوسناک بات ہے۔ حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں ہمارے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی اور دیگر افسران نے بھی جام شہادت نوش کیا ہے۔ ملک کی سلامتی کیلئے ان کی یہ قربانی رائیگاں نہیں جائیگی۔ لیکن ہمیں بہتر حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی اور اپنے ساتھیوں کی جانوں کی حفاظت کرناہے۔ پولیس دہشت گردوں کا پہلا ڈر ہے۔ پولیس کا کام عوام کے جان ومال کی حفاظت کرناہے اور یہ تب ہی ممکن ہے کہ پہلے اپنے آپ کی حفاظت کریں۔ اس کیلئے اپنا جائزہ لینے کی صلاحیت پر خاص توجہ دیں ۔