ٹی ٹوئنٹی سیریز؛ پہلا میچ آج ابوظبی میں کھیلا جائے گا

ابوظبی ٹیسٹ اور سیریز میں کامیابی کے بعد پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی میں بھی کینگروز کا شکار کرنے کیلیے تیار ہے، اس فارمیٹ میں عالمی نمبر ون گرین شرٹس نے جولائی میں زمبابوے میں کھیلی جانے والی ٹرائنگولر سیریز کے فائنل میں کینگروزکو ہی ہرا کر ہی ٹرافی اپنے نام کی تھی۔ اسی نفسیاتی برتری کی بدولت سرفراز الیون یو اے ای کی پسندیدہ کنڈیشنز میں سیریز کا فاتحانہ آغاز کرنے کیلیے بے تاب ہے، ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے تازہ کمک بھی پہنچ چکی، کینگروز کا شکار کرنے کے لیے پلیئنگ الیون کا انتخاب کرلیا گیا ہے۔
اپنے گھر میں نئے مہمان کی آمد کے منتظر شعیب ملک کی خدمات ٹیم کو حاصل نہیں ہوں گی، ٹاپ آرڈر جارح مزاج فخرزمان، بابراعظم اور محمد حفیظ سے مزین کی گئی ہے، حسین طلعت اور آصف علی بھی بڑے اسکور کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔ ٹیسٹ سیریز میں کپتان سرفراز احمد کی روٹھی فارم بھی مان گئی، ان سے بھی امیدیں وابستہ ہوں گی، عماد وسیم اور شاداب خان اسپن کا جادو جگانے کے ساتھ بیٹنگ میں بھی بھرپور صلاحیتوں کا اظہار کر سکتے ہیں، آل رائونڈر فہیم اشرف کا شمار بھی میچ ونرز میں ہوتا ہے، پیس بیٹری میں حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کینگروز کے لیے مشکلات پیدا کرنے کے اہل ہیں۔ دوسری جانب آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کا شمار ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے بہترین بیٹسمینوں میں ہوتا ہے،کرس لین کا بیٹ چلنے لگے تو روکنا مشکل ہوجاتا ہے، ڈارسی شارٹ کی صلاحیتوں میں بھی کسی شک وشبہ کی گنجائش نہیں، اسپن کے شعبے میں ایڈم زمپا کئی بار اپنی افادیت ثابت کر چکے ہیں، گلین میکسویل جیسا جارح مزاج آل رائونڈر ٹیم میں موجود ہے۔ زمبابوے میں منعقدہ ٹرائنگولر سیریز میں پاکستانی ٹاپ آرڈر کو سخت پریشان کرنے والے بلی اسٹینلیک بھی تابڑ توڑ حملوں کے لیے تیار ہیں،اگرچہ ایرون فنچ نے پریس کانفرنس میں پلیئنگ الیون بتانے سے گریز کیا تاہم عالمی رینکنگ میں نمبر 3 کینگروز کی قوت کو نظرانداز کرنے کی غلطی نہیں کی جا سکتی۔ پاکستانی کپتان سرفراز احمد اس امر سے اچھی طرح آگاہ اور کینگرو چیلنج کا سامنا کرنے کیلیے تیار ہیں،میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم بیحد مضبوط ہے، گرین شرٹس نے گزشتہ ایک سال میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہی عالمی نمبر ون پوزیشن پر قبضہ برقرار رکھا ہے،اب ہم کینگروز کے خلاف سیریز میں بھی اسی تسلسل کے ساتھ فتوحات حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انھوں نے کہا بطور پروفیشنل کرکٹر ہمیں گیئر فوری تبدیل کرنا پڑتا ہے، تین، چار روز تیاری کے لیے مل گئے، اچھی پریکٹس سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے موڈ میں آ گئے ہیں،کینگروز کے خلاف 3 میچز کے بعد نیوزی لینڈ سے بھی اتنے ہی مقابلے شیڈول ہیں،ہمیں ان سب میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ بلی اسٹینلیک کا خطرہ محسوس کرنے کے حوالے سے سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ زمبابوین ٹرائنگولر سیریز میں کینگروز کے ساتھ تینوں میچز بائونسی پچز پر کھیلے گئے تھے، یو اے ای میں صورتحال مختلف ہوگی،ہم کوشش کریں گے کہ شروع میں ہی اٹیک کرتے ہوئے ان کا اعتماد بکھیر دیں، انھوں نے کہا کہ گلین میکسویل، کرس لین اور ایرون فنچ جیسے جارح مزاج بیٹسمینوں پر قابو پانے کیلیے حکمت عملی تیارکرلی گئی ہے۔