جوہانسبرگ ٹیسٹ میں جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 262 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 185 رنز پر آؤٹ ہوگئی یوں میزبان ٹیم کو 77 رنز کی برتری حاصل ہوگئ!

جوہانسبرگ میں کھیلے جارہے آخری ٹیسٹ میں بھی پاکستان کی بیٹنگ لائن ناکام دکھائی دی، میزبان ٹیم کی جانب سے 4 کیچ ڈراپ اور ایک رن آؤٹ کا موقع ضائع کرنے کے باوجود قومی ٹیم پہلی اننگز میں زیادہ اسکور نہ بناسکی۔ پاکستان کی اوپننگ جوڑی ایک بار پھر ناکام ہوگئی، 6 رنز کے مجموعی اسکور پر انِ فارم بیٹسمین شان مسعود 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جب کہ اگلی ہی گیند پر فلینڈر نے آؤٹ آف فارم اظہر علی کو چلتا کردیا۔ نائٹ واچ مین محمد عباس اور امام الحق نے اسکور کر 53 تک پہنچایا تاہم اولیوائر نے ایک ہی اوور میں محمد عباس اور اسد شفیق کو پویلین واپس بھیج کر پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔امام الحق کی ہمت بھی 43 رنز پر جواب دے گئی جس کے بعد بابراعظم اور کپتان سرفراز احمد نے 70 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی اس دوران دونوں بلے بازوں نے تیزرفتاری سے رنز بٹورے تاہم 169 کے مجموعی اسکور پر قومی ٹیم کو اس وقت جھٹکا لگا جب سرفراز احمد 50، بابراعظم 49 اور فہیم اشرف صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ شاداب خان 5 اور محمد عامر 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پروٹیز کی جانب سے اولیوائر نے 5، فلینڈر نے 3 اور رباڈا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل جنوبی افریقا پہلی اننگز میں ایڈن مارکرم 90 ، ہاشم آملہ 41، بروین 49 اور زوبایر حمزہ کے 41 رنز کی بدولت 262 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ قومی ٹیم کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، حسن علی، محمد عباس اور محمد عامر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیںواضح رہے کہ ابتدائی دونوں ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور یوں جنوبی افریقا کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔