ڈونلڈ ٹرمپ کی اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو مبارکباد

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابات کے پہلے مرحلےمیں کامیابی پر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو مبارکباد دی ہے۔ منگل نو اپریل کو ہونے والے انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق نتین یاہو کی لیکوڈ پارٹی اتحادی حکومت قائم کر لے گی۔اسرائیل میں منگل چھ اپریل کو ہونے والے عام انتخابات کے تقریباﹰ مکمل نتائج سامنے آ چکے ہیں جس کے بعد یہ بات واضح ہے کہ نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی دائیں بازو کی دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔

ایسے صورت میں بینجمن نیتن یاہو پانچویں مدت کے لیے ملک کے وزیر اعظم بن جائیں گے۔نتین یاہو کے انتہائی حامی امریکی صدر ٹرمپ نے اس انتخابی کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔ ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ نتین یاہو کی کامیابی سے اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان امن کے امکانات بڑھ گئے ہیں: ’’میرا خیال ہے کہ بی بی کی کامیابی کے ساتھ ہمارے پاس اس بات کے بہتر امکانات ہیں۔‘‘امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ حالیہ کچھ عرصے کے دوران اسرائیل کے حق میں کئی اقدامات کر چکے ہیں جن میں یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہوئے اسرائیل میں واقع امریکی سفارت خانے کی یروشلم منتقلی اور گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیل کا حق تسلیم کرنے کا حالیہ فیصلہ شامل ہیں۔ گولان ہائٹس پر اسرائیل نے 1967ء کی جنگ میں قبضہ کر لیا تھا اور بین الاقوامی طور پر اس علاقے کو متنازعہ ہی قرار دیا جاتا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ نے چند روز قبل ایران کے پاسداران انقلاب کو بھی ایک ’غیر ملکی دہشت گرد تنظیم‘ قرار دے دیا ہے۔