ملزمان نے مولوی عبدالحمید کی زبان کاٹنے کی کوشش کی

واربرٹن (عثمان سندرانہ )واربرٹن میں تین نا معلوم نوجوانوں نے غلہ منڈی واربرٹن کی جامع مسجد نگینہ کے موذن کو الصبح پانچ بجے کے قریب ریلوے کے سفیدوں میں باند ھ کر شدید زخمی کر دیا ۔ بتایا گیا ہے کہ موذن مولوی عبدالحمید محلہ مسلم گنج سے غلہ منڈی مسجد آ رہا تھاکہ ریلوے مال گودام کے نزدیک تین کس نامعلوم ملزمان جن میں سے دو نے نقاب اوڑھ رکھے تھے روک کر سفیدوں میں لے گئے اور درخت سے باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا ۔ ملزمان نے مولوی عبدالحمید کی زبان کاٹنے کی کوشش کی اور بلیڈ سے اس کے چہرے کو شدید زخمی کر نے کے بعد اس کا سر درخت سے پٹختے رہے۔ صبح ہونے پر لوگوں نے مولوی عبدالحمید کودرخت سے کھول کر ہسپتال پہنچایا ۔ اس موقع پر جامع مسجد نگینہ کے باہر لوگوں کی کافی تعداد جمع ہو گئی ۔ ملزمان مولوی عبدالحمیدکو مسجد میں اذان دینے سے روکنا چاہتے تھے۔ شہریوں اور نمازیوں میں اشتعال پھیلنے پر ایس ایچ او واربرٹن محمد جاوید قریشی اور اے ایس پی ننکانہ محمد سنگھار ملک بھی موقع پر پہنچ گئے ۔اے ایس پی نے یقین دہانی کرائی کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائیگا۔