عمران خان کے 2 حلقوں سے کامیابی کے نوٹیفکیشن روک دیئے گئے

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے این اے 53 اور این اے 131 سے کامیابی کے نوٹیفکیشن روک دیے۔ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018 میں کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کردیئے تاہم چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی 2 حلقوں سے کامیابی کے نوٹیفکیشن روک لئے گئے ہیں۔عمران خان جن حلقوں میں کامیاب ہوئے ان میں این اے این اے 53 ، این اے 35، این اے 95، این اے 131 اور این اے 243 شامل ہیں۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 53 سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر روکا گیا ۔ این اے 131 میں مسلم لیگ (ن) کے سعد رفیق کی جانب سے دوبارہ گنتی کی درخواست کا فیصلہ آنے تک روکا گیا ہے۔ عمران خان کی تین حلقوں سے کامیابی کے مشروط نوٹیفکیشن جاری کر دیئے گئے ہیں۔ترجمان کے مطابق عدالتی فیصلوں کے باعث جن حلقوں میں دیگر امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن روکے گئے ان میں این اے 23، این اے 90 ، این اے 91 ، این اے 106، این اے 108، این اے 112، این اے 140،این اے 215،این اے 230،این اے 239 بھی شامل ہیں۔ ان حلقوں میں خواجہ آصف اور رانا ثناء اللہ کی کامیابی کے نوٹیفکیشن بھی شامل ہیں۔