شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی چیک پوسٹ پر پشتون تحفظ موومنٹ کا حملہ، 5 اہلکار شدید زخمی، جوابی فائرنگ میں3 حملہ آورہلاک

راولپنڈی:ملک دشمن پشتون تحفظ موومنٹ کا ملکی سلامتی پرایک اور وار، پہلے نظریاتی طور پرمخالفت اور اب اسٹیٹ کے خلاف ہتھیار اٹھا لیے۔ پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر پی ٹی ایم کے حملے کے نتیجے میں 5 اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ فورسز کی جوابی فائرنگ سے 3 حملہ آور ہلاک اور 10 زخمی ہوئے۔ واقعے کے بعد رہنما پشتون تحفظ موومنٹ اور رکن قومی اسمبلی علی وزیر سمیت 8 افراد کو گرفتار کرلیاگیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی ٹی ایم رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کی قیادت میں گروپ نے بویا میں خار قمرچیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ چیک پوسٹ پر تعینات اہلکاروں نے صبروتحمل کا مظاہرہ کیا مگر حملہ آوروں نے سیدھی فائرنگ کر دی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق حملہ آور گذشتہ روز گرفتار کیے گئے دہشت گردوں کو چھڑوانا چاہتے تھے تاہم محسن داوڑ ہجوم کو مشتعل کرنے کے بعد فرار ہوگیا، واقعے کے بعد تمام زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے فوجی اسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔