ملزمان پر پولیس تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پولیس کے رویوں میں بہتری لاکرتھانہ کلچر تبدیل کریں گے ، ملزمان پرپولیس تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔  وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ نے پولیس نظام میں اصلاحات مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پولیس کے رویوں میں بہتری لاکرتھانہ کلچر تبدیل کریں گے، ملزمان پرپولیس تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا، زیرحراست ملزمان سےماورائے قانون اقدام برداشت نہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کوجدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا، فرسودہ نظام تبدیل کرکےپولیس کوعوام دوست بنائیں گے، تھانوں میں کیمروں سے حوالات اور تفتیش کی نگرانی کی جارہی ہے۔ یاد رہے پنجاب پولیس کے تشدد کا شکار ایک اور زیرحراست ملزم جان سے ہاتھ دھوبیٹھا تھا ، پولیس کے تشدد سے ہلاک عامر کی اسپتال منتقلی کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی تھی ، دو سادہ لباس اہلکاروں کو بے ہوش عامرمسیح کولاتیں مارتے دیکھا جاسکتا تھا۔ خیال رہے آٹھ ماہ میں سترہ ملزمان پولیس کی زیر حراست ہلاک ہونے کا انکشاف ہوا ہے، چودہ ہلاکتوں پر چوراسی پولیس افسران واہلکاروں کے خلاف مقدمات بھی درج ہوئے لیکن نتیجہ صفر ہی رہا۔