چین میں امریکی قونصل خانہ بند کرا دیا گیا

چين کے شہر چینگڈو ميں امريکی قونصل خانہ بند کرا دیا گیا ہے۔ حکام نے امریکی سفارتکاروں کو قونصل خانہ خالی کرنے کے لیے 72 گھنٹے کی مہلت دی تھی۔ چین نے یہ اقدام ٹرمپ حکومت کی طرف سے گزشتہ ہفتے امریکی شہر ہیوسٹن میں چینی سفارتخانہ بند کرنے کے جواب میں اٹھایا۔ اتوار کو چينگڈو میں امریکی اسٹاف کو عمارت سے نکلتے دیکھا گیا، جس کے بعد قونصل خانے پر نصب امریکی پرچم بھی اتار لیا گیا۔ بعد میں چینی حکام قونصل خانے میں داخلے ہوئے اور عمارت کا کنٹرول سنبھال لیا۔ امریکی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ اس قونصل خانے نے 35 سال تک امریکا اور مغربی چین کے درمیان تعلقات کے فروغ میں مرکزی کردار ادا کیا۔