نوازشریف کا مقدمہ گلی گلی، گھرگھر پہنچ چکا ہے

لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے پارٹی ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےمسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوازنے کہا کہ نوازشریف نے بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 6 دھماکے کیے، وہ کیساغدارتھا جس نے ملک کو دفاعی لحاظ سے مضبوط کیا، نوازشریف نے پاکستان کے لیے جے ایف 17 تھنڈربنایا، نوازشریف کا مقدمہ گلی گلی، گھرگھر پہنچ چکا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ووٹ کی عزت کو پامال کیا گیا، ووٹ کی عزت اورحرمت پامال ہوئی ہے، اس کے گواہ پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز ہیں، ہم الیکشن میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف مل کر کھڑے ہیں اور اب ہم فیصلہ کن جدوجہد کی جانب بڑھ رہے ہیں، ملک کی بیماری کا علاج ’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے نعرے میں چھپا ہے، ووٹ کو عزت نہ ملے تو نااہل مسلط کیے جاتے ہیں۔
نائب صدر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں مہنگائی اوربے روزگاری میں بے پناہ اضافہ ہوا، تابعداروں کو لانے سے ملک میں مہنگائی،لاقانونیت ہوتی ہے، نیب کی ہمت نہیں کہ عمران خان کی بہن کو طلب کرے، تم ڈھول بجا کراعلان کرو گے تو ڈھول سے بشیر میمن کی آوازآئے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے اپنی نہتی بیٹی کو کارکنوں کی صف میں کھڑا کیا ہے۔ جب قربانی دینے کا وقت آئے گا تو مریم کو اپنی صف میں پہلے کھڑا دیکھیں گے۔انہوںنے کہا کہ کارکنوں کا جذبہ دیکھ کر یقین ہو چکا ہے کہ حکومت کیخلاف تحریک کامیاب ہو چکی ہے۔ کارکن وعدہ کریں کہ جمہوریت، آئین اور قانون کا سر نہیں جھکنے دیں گے۔ پاکستان کے عوام نے (ن) لیگ سے امیدیں وابستہ کر لی ہیں۔