‘ووٹ کو عزت دو ‘سے کسی کی بے حرمتی نہیں ہوتی

کراچی میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں مریم نواز شریف نے کہا کہ جنہوں نے فاطمہ جناح سے لے کر نواز شریف کو غدار قرار دیا، انہیں ہی یہ تکلیف پہنچتی ہے، سب کے علم میں ہے کہ یہ نامعلوم افراد ہیں۔ ہمت ہے تو مجھے گرفتار کرو، قائداعظم کے مزار پر ووٹ کو عزت دو کے نعرے سے کسی کی بے حرمتی نہیں ہوتی۔ مجھے اچھی طرح پتا ہے کہ اس پر کس کو اعتراض ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ سمجھتے ہیں کہ صفدر کو گرفتار کرکے پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ میں دراڑ آ جائے گی۔ ہم سب سمجھتے ہیں کہ کیا کھیل کھیلا گیا۔ ہمیں پتا ہے کہ ایسی چیزیں ہوں گی اور الرٹ ہیں۔ جب تحریک انصاف کے کارکنوں نے ہلڑ بازی کی تو کسی نے نہیں پوچھا۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک لمحے میں بھی نہیں لگا کہ سندھ حکومت کی کارروائی ہے۔ بلاول بھٹو غصے میں تھے، انہوں نے مجھے فون کیا۔ مراد علی شاہ نے فون کرکے کہا کہ ہم شرمندہ ہیں۔
انہوں نے واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ صفدر نے صبح دروازہ کھولا تو باہر پولیس کھڑی تھی۔ میں اس وقت سو رہی تھی، صفدر نے کہا کہ آپ اندر مت آئیں، میری بیوی اندر ہے، آپ باہر رہیں میں اپنی دوائی لے کر آتا ہوں، صفدر کپڑے تبدیل کر رہے تھے کہ اچانک اہلکار دروازے توڑ کر کمرے کے اندر آگئے۔