طلبہ کی کشتی خان پور ڈیم میں اُلٹ گئی

اسلام آباد ( آن لائن ) سیروتفریح کیلئے خان پور ڈیم آنے والے طلبہ کی کشتی حادثے کا شکار ہو گئی ۔ اس کشتی میں 8 کے قریب اساتذہ اور 26 طالب علم سوار تھے ۔ کشتی گہرے پانی میں پہنچتے ہی پانی میں موجود چٹان سے ٹکرائی اور الٹ گئی،حادثے کے بعد مقامی افراد اور ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر تمام بچوں اور اساتذہ کو ریسکیو کیا۔ تاہم ایک خاتون ٹیچر بچوں کو بچاتے ہوئے خود جاں بحق ہو گئی ۔ کشتی میں سوار چار بچوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، مقامی پولیس نے بھی موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔