الیکشن کمیشن کے فیصلے سے پنجاب حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پاس ابھی بھی177 ارکان کی اکثریت موجود ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے 25 ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کے بعد بھی پنجاب میں مسلم لیگ(ن) اور اتحادیوں کی حکومت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ منحرف ارکین کے خلاف آیا ہے، یہ وہ ارکان تھے جنہوں نے گزشتہ حکومت کی جانب سے کئے گئے وعدوں کی خلاف ورزیوں پر ان کے خلاف ووٹ کا حق استعمال کیا۔

مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ یہ وہی نالائق ٹولا ہے جس نے عمران خان کی قیادت میں پہلے الیکشن کمیشن کو گالی دی ، ایک ہفتہ قبل الیکشن کمیشن پر حملہ کیا،چیئرمین الیکشن کمیشن پر مستعفیٰ ہونے کے لیے دباؤ ڈالا گیا لیکن آج یہ الیکشن کمیشن کی تعریفوں کے پل باندھ رہے ہیں ۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے پر پنجاب میں (ن) لیگ اور اتحادیوں کی حکومت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ حمزہ شہباز پنجاب کے وزیر اعلیٰ ہیں اور وہ اپنا کام جاری رکھیں گے۔حمزہ شہباز تحریک عدم اعتماد کے بعد وزیر اعلیٰ بنے تھے فیصلے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔