پنشنرز کو ادائیگی، عوام کو بینکاری خدمات کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اسٹیٹ بینک نے عوام الناس خصوصاً پنشنرز کو بینکاری سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ان مسائل کے حل کی خاطر متعلقہ بینک کے ساتھ فوری اقدامات کیے ہیں۔ نیشنل بینک کے آپریشنز اب بحال ہوگئے ہیں اور وہ پنشنرز کو خدمات فراہم کررہا ہے۔عیدالفطر کے موقعے پر نقد کی غیرمعمولی طلب اور ملک بھر میں ماہانہ پنشن کی ادائیگی کے دوران نیشنل بینک آف پاکستان نے آج اپنے آپریٹنگ سسٹم میں کچھ غیر متوقع فنی خرابیوں کا سامنا کیا۔ ملک کے کئی مقامات پر صارفین کو بینکاری سہولتوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مزید یہ کہ نیشنل بینک آف پاکستان کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ وہ ادائیگی کے لیے آنے والے پنشنرز/صارفین کو خدمات کی فراہمی کی خاطر تا دیر اپنی تمام برانچیں کھلی رکھے۔ اس کے علاوہ بینکوں بشمول نیشنل بینک کو اس امر کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے کہ عید کی چھٹیوں میں تمام اے ٹی ایمز کام کرتے رہیں اور ان سے نقد ملتا رہے۔اس سال اسٹیٹ بینک نے عوام کو بینکاری خدمات کی فراہمی کے لیے وسیع کوششیں کی ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد رمضان المبارک اور عیدالفطر کی طویل تعطیلات کے دوران عوام کو زحمت سے بچاتے ہوئے مالی خدمات فراہم کرنا ہے۔اس سلسلے میں اسٹیٹ بینک نے ہفتے کے روز 2 اور 9 جولائی کو تمام بینک برانچیں کھلی رکھنے کی خصوصی ہدایت کی ہے۔ بینکوں کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ ملک بھر میں اے ٹی ایمز پر بلاتعطل نقد کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور اس مقصد کے لیے اسٹیٹ بینک نے وافر نقد فراہم کیا ہے تاکہ اسے اے ٹی ایمز کے ذریعے عوام تک پہنچایا جاسکے۔یکم جولائی سے 10جولائی 2016 کے دوران یہ تصدیق کرنے کے لیے کہ اے ٹی ایمز درست طور پر کام کررہی ہیں اسٹیٹ بینک کے انسپکٹرز اور ایس بی پی بی ایس سی کے دفاتر کی توثیقی ٹیمیں کمرشل بینکوں کی اے ٹی ایم سائٹس کی نگرانی کریں گی۔