بجلی کے بلوں میں ایک ماہ کیلئے 200 یونٹ والے صارفین کو چھوٹ دی جا رہی ہے، خرم دستگیر

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ایک ماہ کے لیے 200 یونٹ والے صارفین کو چھوٹ دی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں کراچی میں بجلی کی صورتحال بہتر ہو گی۔ بجلی کے بلوں میں جون کے فیول ایڈجسٹمنٹ لگ کر آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور میں تھر کول، ونڈ اور ایٹمی انرجی سے بننے والی بجلی میں اضافہ نہیں ہوا اور 2018 سے 2022 تک بجلی کے نئے کارخانے نہیں لگائے گئے۔ اب بجلی کی طلب بڑھتی ہے تو فرنس آئل اور ڈیزل کا استعمال ہوتا ہے جس کی وجہ سے صارفین پر بوجھ بڑھ جاتا ہے۔

خرم دستگیر نے کہا کہ بارش کے دوران حیسکو کے فیڈرز ٹرپ ہو جاتے ہیں تاہم حیسکو کے فیڈرز ٹرپ ہونے کے مسئلے کو فوری حل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ حیدرآباد میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے اور حیسکو کو ماڈرن موڈیول پر منتقل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی کے باعث صارفین احتجاج کر رہے ہیں اور فیول ایڈجسٹمنٹ جارچز کی وجہ سے بل زائد آئے ہیں۔ تھر میں کول پاور پلانٹ مکمل ہو رہا ہے۔