بھارت اور امریکا کی مشترکہ فوجی مشقیں، چین نے خدشات کا اظہار کر دیا

چین نے بھارت اور امریکا کی لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر مشترکہ فوجی مشقوں کو دو طرفہ سرحدی معاملے پر مداخلت قرار دیتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی سرحد کے نزدیک بھارتی ریاست اتراکھنڈ کی بلند ترین چوٹیوں پر بھارت اور امریکا ‘یودھ ابھیاس’ کے نام سے 18 اکتوبر سے 31 اکتوبر تک مشترکہ جنگی مشقیں کریں گے جس کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت اور چین کے درمیان گزشتہ 2 برس سے اس سرحد پر کافی کشیدگی دیکھی گئی ہے اور دونوں جانب سے بھاری تعداد میں نفری تعینات اور جنگی ساز و سامان نصب کیے گئے ہیں۔

تاہم بھارت نے اس بات کی وضاحت کی ہے کہ لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر امریکا کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں کا ہدف چین نہیں ہے اور یہ ایل سی پر دونوں فریق ممالک کے درمیان پیدا صورت حال سے بالکل مختلف معاملہ ہے۔