اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

864,383FansLike
9,990FollowersFollow
565,200FollowersFollow
188,369SubscribersSubscribe

پاکستان کو للکارنے والوں کو پوری قوت سے جواب ملے گا، قومی سلامتی کمیٹی

قومی سلامتی کمیٹی نے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں تیز کرنے پر اتفاق اورنیشنل ایکشن پلان پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزرا، سول اورعسکری قیادت شریک ہوئے۔ اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مجوزہ اقدامات پر غور کیا گیا، جب کہ اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی کی جانب سے ملک کی سیکیورٹی صورتحال اور ملکی سلامتی پر بریفنگ دی۔

عسکری اور سول قیادت نے ملک میں ہونے والے حالیہ دہشتگردی واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشتگردی کے واقعات کے سدباب اور ملوث عناصر سے سختی سے نمٹنے کےعزم کا اظہار کیا۔

اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد مؤثر بنانے پر بھی غور ہوا، اور پاکستان افغانستان بارڈر کی صورتحال اور حالیہ واقعات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کی موجودہ صورتحال، ماضی کے معاہدوں پرعملدرآمد پر بھی بریفنگ دی گئی، جب کہ بلوچستان اور کے پی میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافے کی وجوہات بھی زیر بحث آئیں۔

ذرائع کے مطابق سلامتی کمیٹی کے شرکاء نے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں تیز کرنے پر اتفاق کیا، اور کہا کہ مشکلوں سے حاصل امن کسی کو خراب کرنے نہيں دیں گے۔

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف آہنی عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ مل کر آگے بڑھتے رہیں گے، ملکی سلامتی کو چیلنج کرنے والوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ قوم کی دعائیں اپنی بہادر افواج کے ساتھ ہیں، پاکستان کے چپے چپے کو قومی عزم سے امن کا گہوارہ بنائیں گے۔