2 بھینسیں چرانے ولا ملزم 58 سال بعد گرفتار

بھارت میں دو بھینسیں چرانے کے کیس میں 58 سال بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

بھارتی ریاست کرناٹک میں پولیس نے 78 سالہ گنپتی وٹھل واگورے نامی شخص کو ایک پرانے لانگ پینڈنگ کیس (ایل پی سی) میں گرفتار کیا گیا ہے، 1965 میں 20 سالہ وتھل اپنے ساتھی کرشنا چندر کے ساتھ مبینہ چوری کرنے پر ضلع بیدر کے ایک گاؤں سے گرفتار ہوا تھا۔

انہیں مشروط ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا تاہم ضمانت پر رہائی کے بعد دونوں لاپتہ ہوگئے تھے اور ان کا کوئی سراغ نہیں ملا جبکہ وتھل کا ساتھی کرشنا چندر 2006 میں انتقال کرگیا۔

اس عرصے کے دوران ملزمان پولیس کے ساتھ چوہے بلی کا کھیل کھیلتے رہے، تاہم وتھل کے گرفتار ہونے کے بعد اسے ضعیف العمری کی وجہ سے ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

پولیس کی جانب سے پرانی فائلیں چھاننے کے بعد بھینس چوری کے واقعے کا کیس سامنے آیا، جس کے بعد دونوں ملزمان کو گرفتار کرنے کیلئے ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔

ضلع بیدر کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) چناباسونا لنگوٹی نے میڈیا کو بتایا کہ معاملہ سامنے آنے کے بعد پولیس کی جانب سے تشکیل کردہ ٹیموں کو کرناٹک کے ساتھ ساتھ مہاراشٹر کے دیہات میں بھیجا گیا تھا مگر وہاں وہ نہیں مل سکے، تاہم بعد میں پولیس عمر گا نامی ایک اور گاؤں پہنچی کیونکہ 1965 میں گنپتی وٹھل کو اسی گاؤں سے گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس نے ملزمان کی تلاش کیلئے لوگوں سے پوچھ گوچھ کی تو انہیں ایک بوڑھی خاتون نے مہاراشٹر میں واقع کلا گاؤں کا بتایا، جہاں پولیس کو لوگوں سے پتا چلا کہ گنپتی وٹھل ایک مندر میں رہ رہا ہے، جہاں سے پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔