تیر چلا نہ بلا گھوما، آزاد کشمیر کا انتخابی میدان (ن) لیگ نے مار لیا

مظفرآباد(ویب ڈیسک)آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخاب میں مسلم لیگ (ن) نے سب سے زیادہ 32 نشستیں حاصل کرکے میدان مارلیا جب کہ مسلم کانفرنس، تحریک انصاف 3 اور پیپلزپارٹی اب تک بالترتیب 2،2، نشستیں لے سکی ہیں۔آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 49 میں سے 41 نشستوں کے لیے انتخابات ہوئے جس میں اراکین کے چناؤ کے لیے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔ ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) اب تک 32 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم کانفرنس اب تک 2 نشستیں حاصل کر پائی ہے جس میں پارٹی سربراہ سردار عتیق کامیاب ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ تحریک انصاف 3 اور پیپلزپارٹی بھی اب تک بالترتیب 2،2 نشستیں حاصل کرسکی ہیں۔ تحریک انصاف کے صدر بیرسٹر سلطان کو بھی انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر پارٹی کارکنان نے جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں، مظفر آباد سمیت دیگر شہروں میں لیگی متوالے ریلیوں کی شکل میں نکل آئے اور پارٹی قیادت کے حق میں نعرے بازی کی، کارکنان کی سڑکوں پر بھنگڑے ڈالے اور جشن منایا۔انتظامیہ کی جانب سے انتخابات کے لیے 5429 پولنگ اسٹیشنز اور 8048 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے جب کہ الیکشن کمیشن کا مرکزی کنٹرول روم مظفر آباد میں قائم کیا گیا۔ انتخابات کے لیے 37 ہزار500 سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے، ہر پولنگ اسٹیشن کے اندر ایک فوجی اہلکار بھی تعینات تھا جسے مجسٹریٹ کے اختیارات دیئے گئے۔ حساس پولنگ اسٹیشنز پر 6 پولنگ سیکیورٹی اہلکار جب کہ نارمل پولنگ اسٹیشنز پر 4 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا جن میں پاک فوج کا ایک جوان بھی شامل تھا۔آزاد کشمیر میں کئی پولنگ اسٹیشنز پر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوئی جب کہ حویلی میں پولنگ اسٹیشن کے باہر ہوائی فائرنگ کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ میرپور میں ڈھڈیال روڈ پر ووٹ ڈالنے کے لیے لائن میں کھڑا شخص دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگیا۔ اس کے علاوہ برنالہ کے علاقے جنڈ پیرا میں چیف جسٹس آزاد کشمیر جسٹس سعید بغیر شناختی کارڈ کے ووٹ کاسٹ کرنے پہنچے تو انییں ووٹ کاسٹ کرنے نہیں دیا گیا جب کہ برنالہ میں ہی جعلی ووٹ ڈالنے کی کوشش کرنے والے 4 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔