چوہدری نثار کا ڈی جی رینجرز سندھ کو فون، رینجرز کو قانونی تحفظ دینے کی یقین دہانی

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارنے ڈی جی رینجرز سندھ میجرجنرل بلال اکبر سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ کہ آئین و قانون کے مطابق صوبے میں رینجرز کی موجوگی کو یقینی بنایا جائے گا اور مکمل قانونی تحفظ بھی فراہم کیا جائے گا۔ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے سیاسی مقاصد کے تحت رینجزر کی ذمہ داریوں میں رکاوٹیں ڈالنے پر تشویش کا اظہار کیا جب کہ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ایسے کیسے ہوسکتا ہے کہ رینجرز امن عامہ کے لیے کردار بھی ادا کرے اور اسے قانونی اختیار بھی نہ دیئے جائے، اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ وفاقی حکومت کراچی اور سندھ کے عوام کے مفاد اور تحفظ کو یقینی بنائے گی۔وزیرداخلہ نے ڈی جی رینجرز سندھ کو وی وی آئی پی سیکیورٹی پر مامور رینجرز نفری کو بتدریج واپس بلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئین و قانون اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کے عین مطابق رینجرز کی موجوگی کو یقینی بنایا جائے گا جب کہ رینجرز کو مکمل قانونی تحفظ بھی فراہم کیا جائے گا۔ چوہدری نثار نے کہا مجھے امید ہے کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور وزیراعلیٰ سندھ سے اس سلسلے میں رابطہ کرکے ان کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کروں گا۔واضح رہے کہ سندھ میں رینجرز کے خصوصی اختیارات اور صوبے میں قیام کی مدت 19 جولائی کو ختم ہونے کے بعد بھی صوبائی حکومت نے اختیارات میں توسیع کا نوٹیفکیشن اب تک جاری نہیں کیا۔