تحریک انصاف کے سابق جنرل سیکرٹری معراج محمد خان کراچی میں انتقال کرگئے

کراچی(ویب ڈیسک)سینئر سیاستدان اور پاکستان تحریک انصاف کے سابق جنرل سیکرٹری معراج محمدخان کراچی میں انتقال کرگئے۔ان کی عمر78برس تھی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سینئر سیاستدان معراج محمد خان کراچی میں انتقال کر گئے ۔ان کی نماز جنازہ بعد نماز جمعہ سلطان مسجد ڈیفنس میں ادا کی جائے گی اور تدفین ڈیفنس قبرستان میں ہوگی۔مر حوم پی ایف یو جے کے سابق صدراورصحافیوں کے رہنمامہناج برنا اورمعروف شاعر دکھی پریم نگری(وہاج محمد خان)کے چھوٹے بھائی تھے۔بائیں بازوکے حلقوں میں انہیں بڑی قدرکی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔وہ پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری بنے، لیکن عمران خان سے اختلافات کے بعد انہوں نے نہ صرف تحریک انصاف بلکہ عملی سیاست سے بھی کنارہ کشی اختیارکرلی تھی۔سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹونے انہیں اپنا جانشین نامزدکیا تھا۔ معراج محمد خان نے جنرل ایوب کے62ءکے مارشل لاءکے خلاف تحریک شروع کی، جس کے نتیجے میں 12طالبعلم رہنماؤں کے ساتھ انہیں شہر بدرکیا گیا۔مرحوم نے ہمیشہ غریب اورکچلے انسانوں کے حقوق کے لئے جدوجہد کی۔مرحوم اپنے بائیں بازوکی نظریات کی وجہ سے پہچانے جاتے تھے۔سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو نے اپنے جو 2 جانشین نامزدکیے تھے، مرحوم معراج محمد خان ان میں سے ایک تھے۔بعدازاں معراج محمدخان نے اپنی تنظیم قومی محاذآزادی بنائی۔