وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اجلاس؛ دریائے سندھ پر7 ارب لاگت س پل بنانے کا فیصلہ

کراچی(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کہاکہ کندھ کوٹ کو گھوٹکی سے ملانے کیلیے دریائے سندھ پرپل تعمیرکرنے کافیصلہ کیاگیاہے، یہ منصو بہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ہوگا اوراس پرکام کا آغاز نومبر 2016 سے ہوگا۔وہ پیرکونیوسندھ سیکریٹریٹ میں روڈ سیکٹر سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں صوبائی وزیرمنصوبہ بندی وترقیات میرہزار خان بجارانی، صوبائی وزیرورکس اینڈ سروسز امداد پتافی، چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن، ایڈیشنل چیف سیکریٹری(ترقیات) محمدوسیم، چیف انجینئر ہائی وے پریم تلریجا اوردیگرنے شرکت کی۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ کندھ کوٹ سے اور پنجاب سے بھاری مال بردارگاڑیوںکے باعث ٹریفک کا شدیددباؤہے لہٰذاکندھ کوٹ سے گھوٹکی تک دریائے سندھ پرپل کی تعمیرکی اشد ضرورت ہے۔ اس پرچیف انجنیئرہائی ویزپریم تلریجانے کہاکہ مجوزہ پل پی پی پی موڈکے تحت ڈیزائن کیاگیاہے جس پرلاگت کاتخمینہ 7 ارب روپے ہے، پل کی تعمیرکاکام جیسے ہی سرمایہ کاری کی پیشکش سامنے آئے گی شروع ہوجائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں نومبرکے آخر تک اس کاسنگ بنیادرکھناچاہتا ہوں۔ مجوزہ پل2کلومیٹرطویل ہوگاجوکندھ کوٹ کوگھوٹکی سے ملائے گا، اس میں10 کلومیٹر اپروچنگ سڑک گھوٹکی سے اور13کلومیٹرسڑک کندھ کوٹ سے ہوگی۔ صوبائی وزیرمیرہزارخان بجارانی نے تجویزپیش کی کہ دریائے سندھ پرپل کی تعمیرسے کندھ کوٹ پرٹریفک کادباؤبڑھے گا لہٰذاکندھ کوٹ ٹھل روڈپرایک بائی پاس تعمیرکیاجائے جواسے انڈس ہائی وے سے ملائے۔وزیراعلیٰ نے محکمہ پی اینڈ ڈی کوہدایت کی کہ بائی پاس روڈکی تجویزمنصوبے میںشامل کی جائے۔ چیف انجنیئرنے بریفنگ میں بتایا کہ نواب شاہ۔رانی پور روڈ جو134.5 کلومیٹرسے زائدپرمحیط ہے اور نامکمل ہے، اس سڑ ک کو2 حصوںمیںتقسیم کیاجاسکتاہے جونواب شاہ تا پڈعیدن 67.5کلومیٹراور پڈعیدن تارانی پور67کلومیٹرہو، بقیہ کام مکمل کرنے کے لیے179ملین روپے کی علیحدہ پی سی ون تیارکی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ ورکس اینڈسروسزکوہدایت کی کہ پی سی ون جلدمنظور کی جائے۔وزیراعلیٰ نے محکمہ ورکس اینڈسروسزکونیشنل ہائی وے اورسپرہائی وے کراچی کے مابین لنک روڈکی مرمت کی بھی ہدایت کی۔ انھوںنے کہاکہ اس پل پر اسٹیل ملز اور پورٹ قاسم انڈسٹریل ایریازکی بھاری مال بردارگاڑیوںکی آمدروفت ہے، اس پرجنگی بنیادوں پرکام شروع ہونا چاہیے۔ دریں اثناکاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے ایڈیشنل آئی جی ثنااللہ عباسی اورچیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن نے پیرکووزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے ملاقات کی، ملاقات میں نیشنل ایکشن پلان کی روشنی میںسی ٹی ڈی کودہشت گردی کی کارروائیوں کی روک تھام کے لیے مزید فعال بنانے پرتبادلہ خیال کیاگیا۔ چیف سیکریٹری نے وزیر اعلیٰ کوانسداد دہشت گردی کی نئی عدالتوںکے لیے پراسیکیوٹرزکی بھرتی کے حوالے سے پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔