قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج ہو گا ۔ وزیر اعظم پاناما لیکس کے معاملے پر اپنے خاندان کے حوالے سے اپوزیشن کے سوالوں کے جوابات دیں گے ، اپوزیشن کو بات کرنے کا موقع نہ ملا تو ایوان مچھلی منڈی بھی بن سکتا ہے ۔ پانامائے اعمال پر آج قومی اسمبلی میں کچے چٹھے کھلیں گے ، حساب کتاب ہوگا ، سات سوالوں پر اپوزیشن کو وزیر اعظم کے جوابات کا انتظار ، فریقین مقابلے کے لئے تیار ، وزیر اعظم نواز شریف تقریبا دو ماہ بعد قومی اسمبلی میں آئیں گے ۔ پاناما پیپرز میں بچوں کے نام آنے پر اپنا مؤقف اور اپوزیشن کے سات سوالات کا جواب دیں گے ۔ اپنے خطاب میں پاناما پیپرز کی تحقیقات پر پالیسی بیان بھی دیں گے ۔ متحدہ اپوزیشن اجلاس سے پہلے ایک بار پھر سر جوڑ کر بیٹھے گی ۔ وزیر اعظم کی تقریر کے موقع پر اپنی حکمت عملی بنائے گی ۔ اجلاس میں فیصلہ ہو گا کہ سپیکر نے اپوزیشن کو بات کا موقع نہ دیا تو احتجاج کا لائحہ عمل کیا ہو گا ۔ مبصرین کے مطابق آج اجلاس کے بعد پانامہ شور کے بڑھنے یا کم ہونے کا فیصلہ ہو جائے گا ۔ ادھر خواجہ سعد رفیق نے بہاولپور میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا آصف زرداری پیپلز پارٹی برباد نہ کرتے تو پاکستان انوکھے لاڈلے سے بچ جاتا ، جلاؤ گھیراؤ مسائل کا حل نہیں ، سیاسی جماعتیں ریڈ لائن عبور نہ کریں ۔