لوئر دیرمیں جائیداد کے تنازع پر فائرنگ ، پی ٹی آئی رہنما سمیت 2اافراد جاں بحق : پولیس

لوئردیر(مانیٹرنگ ڈیسک) میدان کے علاقے میں فائرنگ سے پاکستان تحریک انصاف کا مقامی رہنما جاں بحق ہو گیا ۔تفصیلات کے مطابق میدان میں جائیداد کے تنازع پر دو گروپوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر پی ٹی آئی کے مقامی رہنما نورالامین سمیت 2افراد جاں بحق ہو گئے ۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک پلاٹ کی ملکیت پر دو گروپوں میں جھگڑا چل رہا تھا تاہم آج ایک گروہ کی جانب سے اراضی پر قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی جس پر مخالفین نے فائرنگ کردی ۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہو ئے جن کی شناخت نورالامین اور اعجاز کے نام سے ہوئی ہے جن کی لاشیں قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں اور ملزمان کی گرفتای کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔ پولیس حکام نے مزید بتایا ہے کہ نورالامین تحریک انصاف کا مقامی رہنما ہے ۔