یوروفٹ بال چیمپیئن شپ کے دوران دہشت گردی کا خطرہ

واشنگٹن (ویب ڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی حکومت کی جانب سے انتباہ کیا گیا ہے کہ اگلے ماہ منعقد ہونے والی یورو 2016ء فٹ بال چیمپیئن شپ کے دوران دہشتگردی شدت کا خطرہ ہے کیونکہ گرمیوں میں بڑے پیمانے پر سیاح یورپ کا رخ کرتے ہیں جو دہشت گردوں کا بڑا ہدف ہو سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ یورو چمپئن شپ دس جون سے دس جولائی تک مختلف مقامات پر جاری رہے گی۔ امکان ہے کہ یورو فٹ بال ٹورنامنٹ دیکھنے کے لیے دس لاکھ سے زائد شائقین فرانس آئیں گے۔ ٹورنامنٹ میں براعظم کی بہترین قومی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ امریکہ نے اپنے شہریوں کو سفری تنبیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان پر یورپ بھر میں حملوں کا خطرہ ہے۔ گزشتہ 20 برسوں میں پہلی بار ہے کہ امریکی حکومت نے یورپ کے لیے الرٹ جاری کیا ہے۔ تنبیہ کے مطابق سیاحتی مقامات، ریستورانوں، کمرشل سنٹرز اور ٹرانسپورٹیشن کو حملوں کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ اس تنبیہہ میں ٹور ڈی سائیکل ریس اور پولینڈ میں کیتھولک چرچز کے یوتھ ڈے کے حوالے سے بھی خبردار کیا گیا ہے جہاں 25 لاکھ شائقین کی آمد متوقع ہے۔