عمران خان ،وکلا برادری ، سرائیکی وسیب اور شی میل ایسوسی ایشن نے رہائی کیلئے بھرپور کردار ادا کیا ، جمشید دستی

مظفر گڑھ(مانیٹرنگ ڈیسک ) رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ میں نے والدہ کی نافرمانی کی جس کی وجہ سے جیل گیا۔تفصیلات کے مطابق رہائی کے بعد اپنے آبائی علاقے مظفر گڑھ پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے انکشاف کیا ہے کہ پنجاب پولیس مجھے جعلی مقابلے میں مارنا چاہتی تھی لیکن عدالت نے مجھے حکومت کی بربریت سے بچایاہے جبکہ میرا قصور یہ تھا کہ میں نے بجٹ کی کاپیاں پھاڑی تھیں اور ایوان میں وزیراعظم کے سامنے گو نواز گو کے نعرے لگائے تھے۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ نے میرے ساتھ مکمل انصاف کیا ہے جس پر ان کا شکرگزار ہوں جبکہ رہائی کے لیے کردار اداکرنے پر میں عمران خان سمیت وکلا برادری ، سرائیکی وسیب اور شی میل ایسوسی ایشن کا بھرپور شکریہ ادا کرتا ہوں ۔