لاہور کے علاقے غالب مارکیٹ میں ایک سیکیورٹی گارڈ نے اپنے ہی کمپنی کے مالک کو گولی مار کر قتل کردیا ہے۔
پولیس کے مطابق پہلے بیان میں ملزم نے کہا کہ مالک ملازمین کے ساتھ سختی کرتا تھا جس کی وجہ سے سیکیورٹی گارڈ نے مالک کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق نجی سیکیورٹی کمپنی کے مالک غلام رسول اپنی گاڑی میں اپنے دفتر کی پارکنگ میں پہنچے گاڑی کے ٹرنک سے سامان نکال رہے تھے کہ سیکیورٹی گارڈ مدنی جلیل نے ان پر فائرنگ شروع کردی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزم مقتول کے قریب آتا ہے اور اس کے سر میں گولی مارتا ہے۔
واقعہ کے بعد لوگ بازار میں جمع ہوگئے اور ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس نے لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کرنے کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی میں سیکیورٹی گارڈز کی فائرنگ سے 2 واقعات میں یوٹیوبر اور ایک کچرا اٹھانے والا قتل کیے گئے ہیں۔