صاف چھپتے بھی نہیں۔۔سامنے آتے بھی نہیں

چودھری نثارکااہم پریس کانفرنس میں نوازشریف سے تعلقات پر بات کرنے سے گریز
اسلام آباد(شیرازنظامی)وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثاراحمد خاں اہم ترین پریس کانفرنس میں گرتے پڑتے آئے مگرلاہوردھماکے میں شہادتوں کو بہانہ بناکراپنی چپ کی وجوہات بتانے سے معذرت کرلی اورصحافیوں کے سوالوں کے جوابات دیئے بغیر ہی واپس چلے گئے،چودھری نثار نے کہا کہ میری پریس کانفرنس انتہائی اہم تھی لیکن لاہور میں دھماکے کے بعد ایسی بات کرنا مناسب نہیں ،انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند روز بڑے کرب میں گزرے ہیں بہت سے معاملات اور مسئلے ایسے ہیں جو چھپے ہوئے نہیں ، ان کا کہنا تھا کہ کل جسمانی طور پر اس پوزیشن میں نہ تھا کہ پریس کانفرنس کر سکوں آج بھی میری صحت صحیح نہیں ہےانہوں نے کہا کہ میری پریس کانفرنس سے قبل لاہور میں دھما کہ ہو گیا ،دھماکے پر پولیس انتظامیہ سے رابطے میں ہوں ،آخری مصدقہ اطلاعات تک 14افراد جاں بحق تھے ،انہوں نے مزیدکہا کہ ابھی تصدیق نہیں ہو سکی کہ یہ دہشت گردی ہے یا کوئی حادثہ ہواہے،وفاقی وزیر داخلہ نے وزیر اعظم اور اپنے تعلقات کے مستقبل کے حوالے سے بات نہ کی اور صرف اتنا کہا کہ وہ ا س معاملے پر دو یا تین دن میں بات کریں گے ۔