پاکستان خطے میں استحکام کیلیے امریکا کے ساتھ ملکرکام کرنے کو تیار ہے، اعزاز چوہدری

واشنگٹن: امریکا میں پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں استحکام کیلیے امریکا کے ساتھ ملکرکام کرنےکو تیار ہے۔ انٹرنیشل انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیزسے خطاب کرتے ہوئے امریکا میں پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت نقصان اٹھایا لیکن پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کرچکا ہے اور اب معاشی استحکام کی پالیسی پر عمل پیراہے جب کہ پاکستان خطے میں استحکام کے لیے امریکا کے ساتھ ملکرکام کرنےکو تیار ہے۔ اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کے باعث فراردہشت گروں نے افغانستان میں پناہ گاہیں بنارکھی ہیں، افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے ہمارے پاس ثبوت بھی موجود ہیں جب کہ افغانستان میں موجوددہشت گرددونوں ملکوں میں حملوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان امن کی ہر کوشش میں پیش پیش ہے لہذا افغانستان کے اندر حملوں کا بلا سوچے سمجھے الزام درست نہیں جب کہ بارڈرمینجمنٹ سے دہشت گردی پرقابو پانے میں مدد ملے گی۔ پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکی کارپوریٹس بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے بارے میں سنجیدہ ہیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ کامرکزہے۔