واربرٹن اور شیخوپورہ کی نیوزعثمان سندرانہ کی رپورٹس میں ملاحظہ فرمائیں

ملزم منظور علی سے ناجائز اسلحہ اور شراب برآمد
واربرٹن(ایریارپورٹر)تھانہ واربرٹن پولیس نے ناجائز اسلحہ اور شراب برآمد کرکے ملزم منظور علی کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کیمطابق تھانہ واربرٹن پولیس نے دوران گشت ریلوے پھاٹک واربرٹن سے منظور علی سے 10لٹر شراب اور 30بور پسٹل موقع پر برآمد کر کے گرفتار کر لیا اورالگ الگ مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی نا اہلی ، دوکاندار منہ مانگے دام وصول کرنے لگے
واربرٹن،ننکانہ صاحب(عثمان سندرانہ+چوہدری افضل حق خاں)واربرٹن،ننکانہ صاحب اور گردونواح میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور ضلعی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کے باعث شہر بھر کے دوکاندار اشیائے خوردونوش کے منہ مانگے دام وصول کرنے لگے، شہریوں کا قائم مقام ڈپٹی کمشنر سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی ناکامی اور ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث شہر بھر میں اشیائے خوردونوش مہنگے داموں فروخت کی جارہی ہے پیاز کار سرکاری ریٹ 70روپے فی کلو مقرر ہے جبکہ دوکاندار 100تا 120روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کر رہے ہیں اسی طرح ٹماٹر، آلو، ہری مرچ سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بھی اصل قیمت سے 30تا 40روپے فی کلو زائد فروخت ہور ہی ہیں ، شہریوں نے ’’نیوزالرٹ ‘‘ سے گفتگوکرتے ہوئے کو بتایا کہ شہر میں حکومت نام کی کوئی بھی چیز نظر نہیں آرہی، چینی ، گھی اور دالوں سمیت پھلوں اور سبزیوں کے بھی منہ مانگے دام وصول کیے جارہے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کے افسران اے سی والے کمروں میں بیٹھ کر سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے دوکانداروں سے مبینہ طور پر ملی بھگت کرکے عوام کو ان کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے اور بڑے بڑے مگر مچھوں کو پکڑنے کی بجائے اکا دکا چھوٹے دوکانداروں کو پکڑ کر انہیں معمولی جرمانے کر کے چھوڑ دیا جاتا ہے شہریوں نے قائم مقام ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب عامر شفیق سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہر بھر میں گورنمنٹ کے مقرر کردہ نرخوں سے زائد قیمت پر اشیائے خوردونوش فروخت کرنے والے افراد کے خلاف کاروائی کریں اور ذمہ داروں کے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے۔
میانمار میں انسانیت کی تذلیل کی جا رہی ہے ، خان علی اصغر خاں
واربرٹن(عثمان سندرانہ)تحریک انصاف پی پی 173کے یوتھ رہنما خان علی اصغر خاں نے میانمار میں ہونیوالی انسانیت کی بد ترین تذلیل پر شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہا ہے کہ کوئی مذہب تشدد کی اجازت نہیں دیتا،یہ وقت تمام مہذب دنیا کے بین المذاہب ہم آہنگی اور انسانی اقدار کی حفاظت کیلئے متحدہونے کاہے۔علی اصغر خاں نے کہا ہے کہ مسلمانوں کی بدترین حالت زار بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور مذہبی رہنماؤں کیلئے بھی بہت بڑا ٹیسٹ کیس ہے۔ انہوں نے کہا کہ میانمار میں مسلمانوں کا قتل عام اقلیتوں کی بے دردی سے نسل کشی کی بدترین مثال ہے اورعصرحاضر میں ایسی بدترین نسل کشی کی کوئی دوسر ی مثال موجود نہیں۔ ظلم کی تاریخ رقم کی جا رہی ہے اور بالخصوص خواتین اور معصوم بچوں پر ہونے والے ہولناک مظالم پر عالمی ضمیر کی خاموشی باعث تشویش ہے، میانمار کے مسلمانوں کی بدترین حالت زار انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور مذہبی رہنماؤں کیلئے بھی بہت بڑا ٹیسٹ کیس ہے،جنہیں اس بات کو ہر صورت یقینی بنانا چاہیے کہ لوگوں کی نسل کشی کیلئے مذہب کا استعمال کسی طورپر جائز اوردرست نہیں۔انہوں نے کہاکہ دنیا کا کوئی مذہب جبر و تشدد کی اجازت نہیں دیتا اور یہ وقت ہے کہ تمام مہذب دنیا بین المذاہب ہم آہنگی اور انسانی اقدار کی حفاظت کے لئے متحد ہو۔

ننکانہ صاحب (چوہدری افضل حق خاں )صوبائی صدر ایپکا ظفر علی خاں کی ہدایت پر آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن(ایپکا) ضلع ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام برما کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم اور نسل کشی کے خلاف ضلع بھر کے ملازمین نے احتجاجی ریلی نکالی، ریلی ڈپٹی کمشنر آفس ننکانہ صاحب سے شروع ہوکر ریلوے روڈ سے ہوتی ہوئی بیری والا چوک ننکانہ صاحب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ، ریلی میں ملازمین سے اظہار یکجہتی کے لئے چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل ننکانہ صاحب فداء افتخار میر، ڈسٹرکٹ آفیسر فنانس ڈسٹرکٹ کونسل محمد اسحاق ڈوگر، ڈسٹرکٹ آفیسر پلاننگ چوہدری طاہر محمود گجر ودیگر نے بھی شرکت کی جبکہ ریلی میں ضلعی صدر ایپکا حاجی محمدا کرم گجر، ضلعی جنرل سیکرٹری رائے سدا کرامت علی، ضلعی چیئرمین رائے شاہجہاں، ضلعی نائب صدر حافظ ناظم علی ضلعی پریس سیکرٹری غضنفر علی اورمحمد فاروق وڑائچ سمیت ضلع بھر سے ایپکا عہدیدران اور ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی شرکاء ریلی نے مختلف کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر برما کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی روک تھام کے لئے اقوام متحدہ سے فوری نوٹس لینے اور برما حکومت کے خلاف نعرے درج تھے بیری والا چوک ننکانہ صاحب میں مقررین نے شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برما کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر عالمی میڈیا سمیت اقوام متحدہ بھی خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ اگر کسی غیر مسلم ممالک میں ایک کتا بھی مر جائے تو اقوام متحدہ سمیت تمام بیرونی قوتیں احتجاج پر اتر آتی ہیں جبکہ روہنگیا میں مسلمانوں کو جس بیدردی سے قتل کیا جارہا ہے اور ان کے گھروں کو نذر آتش کیا جارہا ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ، مگر کوئی ان کی آواز اٹھانے کو تیار نہیں ہے انہوں نے مزید کہا کہ تمام مسلم ممالک کو چاہیے کہ وہ اپنے اپنے ملک سے برما کے سفارت خانے فوری طور پر بند کرکے اس کے ساتھ مکمل بائیکاٹ کا اعلان کریں ۔
ننکانہ صاحب ( چوہدری افضل حق خاں)ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ننکانہ صاحب نے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر افتخار احمد چوہدری کی ہدایت پر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد جاوید کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب سے فارغ کرکے باقاعدہ آرڈر جاری کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر افتخار احمد چوہدری نے چند روز قبل میڈیکل آفیسر ڈی ایچ کیو ہسپتال ننکانہ صاحب ڈاکٹر محمدجاوید کو جعلی فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرنے پر معطل کردیا گیا مگر ڈاکٹر محمد جاوید اپنی معطلی کے دس روز گزرجانے کے باوجود بھی اپنی سیٹ پر براجمان رہا گزشتہ روز مذکورہ ڈاکٹر کی میڈیا میں خبریں شائع ہونے پر سی ای او ہیلتھ نے مذکورہ واقعہ کا نوٹس لیا اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر اظہر امین کو ہدایت کی کہ وہ مذکورہ ڈاکٹر کو فوری طور پر ڈیوٹی سے فارغ کرکے اس کی رپورٹ پیش کریں جس پر ایم ایس ڈاکٹر اظہر امین نے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد جاوید کی فراغت رپورٹ جاری کردی ۔ ایم ایس ڈاکٹر اظہر امین نے صحافیوں کو بتایا کہ پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایت پر عوام الناس کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے، تمام سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی 100فیصد یقینی ہے جبکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کمرہ نمبر 8چالیس سال کی عمر سے زائد مریضوں کے لئے وقف کیا گیا ہے جہاں پر شوگر، ہیپاٹائٹس سی سمیت دیگر تمام ٹیسٹ فری کیے جارہے ہیں اور ان کی رپورٹ بھی روزانہ کی بنیاد پر لاہور بھجوارہے ہیں اب چالیس سال سے زائد عمر کے مریضوں کو لائن میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں وہ ڈائریکٹ کمرہ نمبر 8میں جاکر اپنا علاج کرواسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے آؤٹ ڈور وارڈ ز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کروادئیے گئے ہیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری ازالہ کیا جائے گا انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال میں کسی بھی قسم کی کرپشن ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی میڈیا مسائل کی مثبت نشاندہی کرے تاکہ اس پر قابو پانے کے لئے اقدامات کیے جاسکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ننکانہ صاحب ( چوہدری افضل حق خاں)موڑکھنڈا بائی پاس ہیڈ بلوکی روڈ پر اوورلوڈنگ گاڑیوں کے ڈرائیورں کا چالان کرنے کی بجائے سب انسپکٹر ناصر علی نے رشوت لینا شروع کردی ، گاڑیوں کے عملہ کو اوورلوڈنگ کرنے کی کھلی چھٹی دیدی ، کم عمر رکشہ ڈرائیور بھی بغیر لائسنس کے رکشے چلانے میں مصروف۔ تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب کے نواحی قصبہ موڑکھنڈا بائی پاس سے لیکر ہیڈ بلوکی تک تعینات ہونے والے سب انسپکٹر ناصر علی نے مبینہ طور پر رشوت کا بازار گرم کر رکھا ہے، کم عمر رکشہ ڈرائیوروں اور اوورلوڈنگ کرنے والے ڈرائیوروں سے غیر قانونی طور پر سرعام رشوت لی جارہی ہے ، جو ڈرائیور رشوت نہ دے اس کا چالان کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے ساتھ بدتمیزی کرنے کے علاوہ سرعام گالیاں دی جاتی ہیں ۔ ڈرائیور اللہ دتہ، محسن علی ، عبدالحبیب، شوکت ارشاد ودیگر نے صحافیوں کو بتایا کہ مذکورہ سب انسپکٹر انتہائی بدزبان اور رشوت خور ہے جو پبلک ٹرانسپورٹ عملہ کو ٹریفک قوانین کے مطابق عمل کروانے کی بجائے غیر قانونی سرگرمیوں میں سارا دن مصروف رہتا ہے لوگوں نے ڈی پی او ننکانہ صاحبزادہ بلال عمر اور ٹریفک پولیس کے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے شخص کے خلاف فوری طور پر محکمانہ کاروائی عمل میں لاتے ہوئے یہاں پر کسی ایماندار آفیسر کو تعینات کیا جائے۔

ننکانہ صاحب ( ) محکمہ تعلیم میں نئے تعینات ہو نے والے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز سنیاد سہیل ،محمد ارشد ،ابوبکر سرور ،ارم جا وید ،رضوان علی سلیمی ،فائزہ بھٹی ،محمد عمیر طاہر ودیگر نے صحافیوں کو بتایا کہ ہمارا کسی بھی یونین کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے اور ہمیں کسی بھی یونین کے ساتھ جوڑنا مناسب نہیں ہے ،ہماری تعیناتی کا مقصد ضلع میں بہترین تعلیم کا حصول یقینی بنانا ہے جس کے لئے ہم اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ روڈ میپ کے مطابق ضلع بھر میں معیار تعلیم کو بلند کرنا ، جدید تقاضوں کے مطابق تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اساتذہ کی رہنمائی ،ان کے جائز مسائل کا حل اور مختلف امتحانات میں سرکاری سکولوں کے بہترین نتائج کا حصول ہمارا مشن ہے جس کے لئے ہم میں سے ہر ایک اپنا اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا انہوں نے مزید کہا کہ تمام ضلعی افسران نے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز کی رہنمائی اور ان کے مسائل کے حل کی بھی یقین دہانی کروائی ہے جس کے بعد ہم سمجھتے ہیں کہ ہمیں گروپ بندی کی بجائے اپنے اہداف کے حصول کے لئے جدوجہد کرنی چاہئے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ننکانہ صاحب ( چوہدری افضل حق خاں)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹر ہسپتال میں جیب تراشی کا سلسلہ تھم نہ سکا ،جیب تراشی کی چھٹی واردات میں خاتون ہزاروں روپے نقدی ،موبائل فون اور ضروری کاغذات سے محروم۔ تفصیلات کے مطابق محلہ شاد باغ کالونی کے رہائشی محنت کش اللہ دتہ کی اہلیہ ) ک )بی بی اپنی کم سن بیمار بیٹی کو چیک اپ کروانے کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹر ہسپتال آئی تو نامعلوم افراد نے اس کے پرس سے 7ہزار روپے نقدی ،موبائل فون اور شناختی کارڈ سمیت ضروری کاغذات نکال لئے ،) ک ( بی بی ہسپتال میں زار و قطار روتی رہی جبکہ جیب تراشی کے بعد پیسے نہ ہو نے کی وجہ سے وہ اپنی کم سن بیٹی کی دوائی بھی نہ لے سکی ، واضع رہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹر ہسپتال میں چند روز میں جیب تراشی کی چھٹی واردات ہو ئی ہے ،دوسری طرف جب مقامی صحافیوں نے اس بارے ہسپتال انتظامیہ کو توجہ دلانے کی کوشش کی تو انہوں نے کہا کہ ہم کیا کر سکتے ہیں ہمارے پاس جیب تراشی روکنے کا کوئی حل نہیں ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ننکانہ صاحب ( چوہدری افضل حق خاں) ضلع کچہری میں واقع وکیل کے چیمبر سے نامعلوم چور ہزاروں روپے کا یوپی ایس اور بیٹری چوری کر کے لے گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات نامعلوم چور ضلع کچہری میں واقع ملک ساجد اعوان ایڈووکیٹ کے چیمبر سے ہزاروں روپے مالیت کایوپی ایس اور بیٹری چوری کر کے لے گئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ننکانہ صاحب (چوہدری افضل حق خاں) ٹریفک کے مختلف حادثات میں پانچ سالہ بچے سات افراد شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق سانگلہ ہل شہر میں تیز رفتار موٹرسائیکل کے پچھلے ٹائر میں دوپٹہ پھنس جانے سے 20سالہ سونیا گر کر شدید زخمی ہو گئی لاری اڈا ننکانہ صاحب کے قریب تیز رفتار موٹر سائیکل رکشہ بے قابو ہو کر گدھا گاڑی سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں 30سالہ عابد علی اور5سالہ عدنان گر کر شدید زخمی ہو گئے،سانگلہ ہل صفدرآباد روڈ تیز رفتار دو موٹر سائیکل میں تصادم ہوا جس کے نتیجہ میں 35سالہ غلام عباس اور57سالہ خالد سعید گر کر شدید زخمی ہوگئے بچیکی روڈپر تیز رفتار موٹر سائیکل اور رکشہ میں تصادم ہوا جس کے نتیجہ میں40سالہ محمد اشرف ،25سالہ دانش اور45سالہ خورشید گر کر شدید زخمی ہو گئے تمام زخمیوں کو ریسکیو1122کے عملہ نے ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا۔

رپورٹ: ملک محمد عثمان سندرانہ بیوروچیف نیوز الرٹ شیخوپورہ ،واربرٹن سٹی / چوہدری افضل حق نیوزالرٹ ننکانہ صاحب
11-09-2017