آرمی چیف کا سوات کی عوام کی قربانیوں کے اعتراف میں بڑاتحفہ

پشاور(عظمت گل)چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ پائیدار امن اور استحکام کیلئے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی سے بہتر کوئی اور طرز فکر نہیں ہے،ان خیالات کااظہارآرمی چیف جنرل قمرباجوہ نے سوات میں آرمی پبلک سکول اینڈ کالج کانجو گریژن سوات کینٹ کے افتتاح کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا، آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بدھ کو سوات کا دورہ کیا اور آرمی پبلک سکول اینڈ کالج کانجو گریژن سوات کینٹ کا افتتاح کیا ۔ انتہائی جدید انفراسٹرکچر کے ساتھ 3600 طلباء کی گنجائش کے حامل سکول اینڈ کالج میں کمپیوٹر اور سائنس لیب ،آڈیٹوریم اور سپورٹس سٹیڈیم کی سہولیات میسر ہیںاور یہ سوات کے عوام کیلئے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قربانیوں کے اعتراف میں پاک فوج کی طرف سے تحفہ ہے ۔ اس موقع پر طلبہ اساتذہ مقامی عمائدین اور انتظامیہ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پائیدار امن اور استحکام کیلئے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی سے بہتر کوئی اور طرز فکر نہیں ہے ۔ مقامی عمائدین نے سوات کینٹ اور آرمی پبلک سکول و کالج کے قیام پر پاک فوج کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر کور کمانڈر پشاور اور جی او سی مالا کنڈ بھی موجود تھے۔