اوپن مارکیٹ ریٹس

ہمیں فالو کریں

862,007FansLike
9,986FollowersFollow
565,000FollowersFollow
183,255SubscribersSubscribe

ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے

ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے اور اس موقع پر مساجد ، اہم پارکوں اور کھلی جگہوں پر نمازعید کے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں ملکی سلامتی اور مسلم امہ کے اتحاد کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔
ملک بھر میں آج عیدالفطرپورے مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے، ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں عید الفطر کی نماز کے اجتماعات منعقد ہوئے جب کہ لاکھوں مساجد، عید گاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید ادا کی گئی۔ جس میں ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اوردہشت گردی کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی اور مسلم ممالک میں جاری فتنہ و فساد کے خاتمے کے لئے بھی اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا کی گئی۔ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں عید الفطر کے موقع پر شہر کی بڑی مساجد، عید گاہوں اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی جب کہ پولیس کے علاوہ رینجرز اہلکاروں نے بھی ڈیوٹی انجام دی۔ اہم عیدگاہوں پر چیکنگ کے لیے واک تھرو گیٹ لگائے گئے۔ اس کے علاوہ عیدالفطر کے موقع پر شہر کے اہم عوامی مقامات، تفریحی گاہوں اور پارکوں کے باہر بھی پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام شہر میں نماز عیدالفطر کا سب سے بڑا اجتماع گلشن جناح (پولو گراؤنڈ) میں ہوا ۔ نماز عید صبح 8 بجے مولانا محمد احمد سلیمی کی امامت میں ادا کی گئی۔ میئر کراچی وسیم اختر، میونسپل کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن ، مختلف اسلامی ملکوں کے سفارت کار، نگراں صوبائی وزرا، سابق ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور معززین شہر کی ایک بڑی تعداد نے نماز عید ادا کی۔کراچی کے علاوہ حیدرآباد، سکھر اور سندھ کے دیگر شہروں میں بھی عید کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔لاہور میں نماز عید کے بڑے اجتماعات بادشاہی مسجد، جامع مسجد داتا دربار، مسجد وزیر خان، جامع مسجد منصورہ، جامع مسجد القادسیہ چوبرجی، جامعہ اشرفیہ، مسجد شہداء، جامعہ رحمانیہ، جامعہ نعیمیہ، باغ جناح، جامعہ غوثیہ رضویہ فردوس مارکیٹ، ماڈل ٹاؤن، مینار پاکستان، اقبال پارک، ریس کورس پارک و دیگر مقامات پر ہوئے جن میں خطیب و علماء حضرات نے عیدالفطر کی فضیلت اہمیت بیان کی۔ اس موقع پر وطن عزیز مملکت خدا داد پاکستان کی بقا، سلامتی، استحکام، ترقی، خوشحالی اور قومی وحدت و ملی یکجہتی کے فروغ کے لیے اللہ تعالی کے حضور خصوصی طور پر اجتماعی دعائیں مانگی گئیں۔اسلام آباد میں عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جہاں پر صدر مملکت ممنون حسین، نگراں وفاقی کابینہ کے بیشتروزرا اسلامی ممالک کے سفراء واہم شخصیات نمازعید ادا کی۔ اس سلسلے میں وفاقی پولیس کاخصوصی سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا جبکہ راولپنڈی میں لیاقت باغ میں نماز عیدالفطر کا بڑا اجتماع ہوا۔آزاد کشمیر میں بھی آج عیدالفطرمذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی، مظفرآباد میں حسب سابق مرکزی سیرت کمیٹی کے زیراہتمام مرکزی عید گاہ میں عیدالفطرکاسب سے بڑااجتماع منعقد ہوا جس کے بعد مرکزی عیدگاہ سے’’یکجہتی کشمیرریلی‘‘ بھی نکالی گئی، ریلی کی قیادت وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر نے کی۔عیدالفطر کے موقع پر کوئٹہ اور پشاور میں بھی سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا جس کے تحت دونوں صوبائی دارالحکومتوں میں پولیس، رینجرز اور ایف سی کے اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں جب کہ حساس اور اہم مقامات پر سادہ لباس اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ادھر خیبر پختونخوا میں 2 عیدیں منانے کی روایت برقرار رہی، ملک بھرکے برعکس غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے مطابق خیبرپختونخوا میں کئی مقامات پر جمعے کے روز عید الفطر منائی گئی۔