فریم سے جھانکتی بلی کا تھری ڈی پورٹریٹ

جاپان میں ایک مصورہ روئی کی مدد سے بلیوں کے تھری ڈی پورٹریٹ بنانے میں حیران کن صلاحیت رکھتی ہیں۔ مصوری وہ ہنر ہے جس میں آرٹسٹ کی انگلیاں بھلے ہی خون سینچتی ہوں لیکن دیکھنے والوں کو یہ تخلیقی مناظر مبہوت کر کے رکھ دیتے ہیں۔ایسی ہی باصلاحیت خاتون نے اپنے منفرد کام سے راتوں رات شہرت حاصل کر لی تاہم اس تھری ڈی پورٹریٹ میں رنگوں اور برش کا کمال نہیں۔خوبصورت فریم میں سجی بلی کا چہرہ پہلی نظر میں ایک جیتی جاگتی بلی ہی لگتی ہے جو کسی بھی لمحے فریم سے باہر کود کر آپ کی گود میں بیٹھ جائیگی اور اسے چھونے پر آپ بلی کے بالوں کو محسوس بھی کرسکیں گے۔مصوری کا یہ شاہکار تخلیق کیا ہے جاپان کی خاتون مصورہ واکونیکو نے جو روئی کی مدد سے تھری ڈی پورٹریٹ بنانے میں پوری دنیا میں کوئی ثانی نہیں رکھتیں۔ وہ باریک پن کی مدد سے روئی کے گالوں کو اس طرح ترتیب اور رنگ دیتی ہیں کہ روئی کے نرم گالے بلی کی شکل دھار لیتے ہیں۔