روس اور چین جوہری عدم پھیلاؤ کو یقینی بنائیں، امریکا

امریکا نے روس اور چین پر آرمز کنٹرول معاہدے سے دستبرداری کی امریکی دھمکیوں کے باوجود جوہری منصوبوں سے مکمل طور پر آگاہ نہیں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مزید شفافیت کا مطالبہ کیا ہے۔فرانسیسی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق امریکی نائب سیکریٹری برائے آرمز کنٹرول اور بین الاقوامی سیکیورٹی اینڈریا تھامسن نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں کے عدم استعمال کے معاہدے میں شفافیت قائم کرنے کی کوششوں کے غیریکساں نتائج تھے۔انہوں نے کہا کہ ’ اس سے قبل ہم نے رپورٹنگ کے طریقہ کار پر اتفاق کیا تھا لیکن ایک طرف امریکا کی رپورٹ اور دوسری جانب روس اور چین کی رپورٹ کے درمیان خلا بہت زیادہ ہے‘۔اینڈریا تھامسن نے کہا کہ’ میں شفافیت کی اہمیت پر مزید اصرار نہیں کرسکتی ‘۔ان کا کہنا تھا کہ ’ہم اس بات پر غور کررہے ہیں کہ ہم شفافیت کو کیسے بڑھا سکتے ہیں تاکہ دیگر ممالک کو جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ سے مطابقت کے لیے اقدامات کا ایک مرتبہ پھر یقین دلایا جاسکے‘۔