سعودی ولی عہد کو نشان پاکستان سے نوازا گیا

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اپنے دورے کے دوسرے روز وزیر اعظم ہاؤس سے ایوان صدر پہنچے، جہاں ان کے اعزاز میں تقریب کا انقاد کیا گیا۔محمد بن سلمان کی ایوان صدر سے روانگی کے لیے انتہائی شاہانہ اور منفرد انداز اپنایا گیا اور سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم عمران خان بگھی پر بیٹھ کر روانہ ہوئے۔ایوان صدر پہنچنے پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے محمد بن سلمان کا استقبال کیا جبکہ بچوں کی جانب سے انہیں گلدستے بھی پیش کیے گئے۔بعد ازاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے محمد بن سلمان نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔جس کے بعد ایوان صدر میں سعودی ولی عہد کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدر مملکت عارف علوی نے معزز مہمان کو پاکستان کا اعلی ترین سول ایوارڈ نشان پاکستان عطا کیا گیا۔ تقریب میں وزیر اعظم عمران خان، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین سینیٹ، وفاقی وزرا، اراکین پارلیمنٹ و دیگر اہم شخصیات شریک تھے۔ اس موقع پر سعودی شہزادے محمد بن سلمان نے کہا کہ اعلیٰ ترین سول ایوارڈ نشان پاکستان دینے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان کے صدر سے ملنا میرے لیے باعث فخر ہے۔سعودی شہزادے نے کہا کہ دونوں ممالک کے بانیان نے اصولوں کی بنیاد پردوطرفہ تعلقات قائم کیے اور پاکستانی بھائی سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی بھائیوں نے سعودی عرب میں مسجد نبوی اور مسجد الحرام کے ترقیاتی کاموں میں حصہ لیا۔