سراج الحق مسلسل دوسری مرتبہ امیر جماعت اسلامی منتخب

جماعت اسلامی پاکستان نے نئے امیر کا اعلان کر دیا اور سینیٹر سراج الحق مسلسل دوسری مرتبہ پانچ سال کے لیے امیر جماعت اسلامی پاکستان منتخب کر لیا گیا۔جماعت اسلامی کے چیف الیکشن کمشنر اسد اللہ بھٹو نے آج منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے 2019-2024 تک کے سیشن کے لیے ہونے والے انتخابات میں سراج الحق کی کامیابی اور امیر منتخب ہونے کا اعلان کیا۔

سراج الحق کے پہلے دور امارت کی مدت 9 اپریل 2019 کو ختم ہو گی اور وہ اب 5سال کے لیے دوبارہ امیر جماعت اسلامی منتخب ہو گئے ہیں۔الیکشن میں حصہ لینے کے لیے مجموعی طور پر جماعت اسلامی کے 39ہزار 124 اراکین کو بیلٹ پیپرز بھیجے گئے تھے جن میں 34 ہزار 4 سو 66 مرد جبکہ 4 ہزار 8 سو 58 خواتین ووٹرز شامل تھیں۔سراج الحق 1988 میں اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ بنے اور تعلیمی مراحل سے فراغت کے بعد جب عملی میدان میں آئے تو تقریباً ایک سال جماعت اسلامی کے کارکن کے طور پر کام کیا بعد میں رکن بن گئے۔اکتوبر 2002 کے انتخابات میں سینئر وزیر جبکہ دو ہزار تین میں جماعت اسلامی صوبہ سرحد کے امیر بنے، 2009 میں انہیں جماعت اسلامی کے نائب امیر کی ذمہ داری سونپ دی گئی تھی۔منور حسن کی جانب سے امیر جماعت کے عہدے کے انتخاب میں حصہ نہ لیے جانے کے بعد 2014 میں وہ پہلی مرتبہ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر منتخب ہوئے تھے۔اضح رہے کہ سراج الحق قیام پاکستان سے قبل وجود میں آنے والی جماعت اسلامی کے پانچویں امیر ہیں جہاں ان سے قبل بانی مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی، میاں محمد طفیل، قاضی حسین احمد اور منور حسن امیر کے منصب پر فائض رہ چکے ہیں۔